جی ٹین مرکز میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے چیمبر تعاون کرے۔ عابد عباسی

 
0
312

اسلام آباد 23 فروری 2021 (ٹی این ایس): اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ تجارتی نمائشیں منعقد کر کے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر طور پر بحال کیا جا سکتا ہے لہذا چیمبر بھی جلد اسلام آباد کی مارکیٹ ایسوسی ایشنوں کے تعاون سے ایک شاندار قسم کی شاپنگ فیسٹیول منعقد کرنے کی منصوبہ بند ی کر رہا ہے تا کہ وفاقی دارالخلافہ میں کاروباری سرگرمیوں کو تیزی سے بحال کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں بہت متاثر ہوئی ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ تجارتی نمائشوں کے ذریعے ان کو دوبارہ بحال کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے پر آئے ہوئے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جی ٹین مرکز کے نومنتخب عہدیداران کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سردار یاسر الیاس خان نے نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی مارکیٹ کے تاجروں کے مسائل کو حل کرانے کیلئے فعال کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سی ڈی اے کے چیئرمین عامر علی احمد کے ہمراہ مختلف مارکیٹوں کا دورہ کر کے بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کی نشاندہی کر رہے ہیں تا کہ ان کا بہتر حل نکالا جا سکے۔

ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جی ٹین مرکز کے نومنتخب صدر عابد عباسی اور چیئرمین سید کامران کاکاخیل نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر تاجر برادری کے مسائل کو حل کرانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے لہذا ان کی ایسوسی ایشن ان کوششوں میں چیمبر کے ساتھ بھرپورتعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں میں گذشتہ کئی سالوں سے کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے لہذا چیمبر جی ٹین مرکز سمیت دیگر مارکیٹوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تعاون کرے۔

چیمبر کے نائب صدر عبدالرحمٰن خان، آل پاکستان انجمن تاجراں کے صدر اجمل بلوچ، پی ٹی آئی ٹریڈرز کوآرڈینٹر چوہدری ندیم الدین، خالد چوہدری، اظہر امین، اشفاق چھٹہ، چوہدری عرفان اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تاجر برادری کے اہم مسائل کو جلد حل کرنے کی ضرورت پرزور دیا۔