نوازشریف کا پاسپورٹ ایکسپائر ہوچکا اس لیے وہ کسی قیمت پر بھی پاکستان نہیں آسکتے، شیخ رشید

 
0
226

اسلام آباد 16 مارچ 2021 (ٹی این ایس): وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نوازشریف کو وطن واپسی کے حوالے سے اہم پیش کش کردی۔

پاکستان ڈیموکریٹک موؤمنٹ (پی ڈی ایم) کے اجلاس پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان اور مریم نواز کو آج ہر صورت فیصلہ کرنا ہوگا۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ’نوازشریف کا پاسپورٹ زائد المیعاد (ایکسپائر) ہوچکا ہے، اس لیے وہ کسی قیمت پر بھی پاکستان نہیں آسکتے‘۔ وفاقی وزیرداخلہ نے پیش کش کی کہ ’اگر نوازشریف وطن واپس آنا چاہیں تو حکومت خصوصی سرٹیفیکٹ جاری کرسکتی ہے‘۔

وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ’پاسپورٹ ایکسپائر ہونے کی وجہ سے نوازشریف دنیا کے کسی بھی ملک سفر نہیں کرسکتے‘۔

واضح رہے کہ آج اسلام آباد میں پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہوا جس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زداری نے اسمبلیوں سے مستعفی نہ ہونے اور نوازشریف کو وطن واپس آنے کا دو ٹوک مشورہ دیا۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ’ہم اس جنگ میں آخر تک آپ کے ساتھ ہیں، آپ کو وطن واپس آنا ہوگا، سینیٹ میں اپوزیشن میں مل کر انتخابات میں حصہ لیا مگر اسحاق ڈار ووٹ ڈالنے تک پاکستان نہیں آئے‘۔