یومِ پاکستان پریڈ، ایس او پیز کے حوالے سے اہم ہدایت نامہ جاری

 
0
298

اسلام آباد 21 مارچ 2021 (ٹی این ایس): پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یومِ پاکستان کی پریڈ میں ایس او پیز کے حوالے سے اہم ہدایت نامہ جاری کردیا۔

کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر آئی ایس پی آر نے 23 مارچ کی پریڈ کے شرکا کے لیے ہدایت نامہ جاری کیا جس کے مطابق پریڈ کے شرکا کو پہلے ہی روز سے خصوصی بائیو سکیور ببل میں رکھا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پریڈ دیکھنے کے لیے آنے والے تمام شرکا کو کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا، حاظرین کو حفاظتی ماسک کے بغیر پنڈال میں‌ داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق تمام داخلی مقامات پر خصوصی چیکنگ کی جائے گی، ہرانکلوژر کے داخلی دروازے پر فیس ماسک اور سینیٹائزر کے اطلاق کویقینی بنایاگیا ہے۔

پریڈ دیکھنے کے خواہش مند افراد کو درجہ حرارت چیک کرنے کے مرحلے سے گزرنا ہوگا جبکہ تقریب میں مہمانوں کے بیٹھنے کا انتظام سماجی فاصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ہر سال 23 مارچ کو یوم پاکستان کے طور پر منایا جاتا ہے، جس کے تحت اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں فوجی پریڈ کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔ رواں سال پہلی بار ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کا دستہ بھی پریڈ کا حصہ بنے گا۔

خیال رہے کہ یوم پاکستان، مملکت خداداد کی تاریخ کا بہت اہم دن ہے، اس روز مینار پاکستان کے مقام پر قرارداد پاکستان پیش کی گئی تھی، جس کی بنیاد پر آل انڈیا مسلم لیگ نے برصغیر میں مسلمانوں کے جداگانہ وطن کے حصول کے لیے تحریک شروع کی اور 7 برس کے بعد اپنا مطالبہ منظور کرانے میں کامیاب رہی۔

اس مطالبے کے نتیجے میں 73 برس قبل اسلامی جمہوریۂ پاکستان کے نام سے نیا ملک دنیا کے نقشے پر ابھر کر سامنے آیا۔