نیب نے اہم حکومتی شخصیات کے خلاف کاروائی کی منظوری دے دی

 
0
251

اسلام آباد 09 جون 2020 (ٹی این ایس): قومی احتساب بیورو (نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ نے سابق وفاقی وزیر عامر محمود کیانی کے خلاف انکوائری اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کیخلاف شکایات کی جانچ پڑتال کی منظوری دے دی۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں 3 انکوائریوں اور شکایات کی جانچ پڑتال کی منظوری دی گئی۔

بورڈ نے سابق وفاقی وزیرعامر محمود کیانی کے خلاف انکوائری کی منظوری دی جبکہ سول ایوی ایشن اور سی ڈی اے کے افسران و اہلکاروں کے خلاف بھی انکوائریز کی منظوری دی گئی۔

بورڈ نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے خلاف بھی شکایت کی جانچ پڑتال کی منظوری دی۔

نیب اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کی تفصیلات فراہم کرنےکا مقصد کسی کی دل آزادی نہیں بلکہ تمام انکوائریاں مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ عامر محمود کیانی اگست 2018 سے اپریل 2019 تک وفاقی وزیر صحت کے عہدے پر براجمان تھے، انہیں وزیر اعظم عمران خان نے 18 اپریل 2019 کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

سابق وفاقی وزیر کے خلاف ادویات کی قیمتوں میں غیرقانونی اضافے کے الزامات ہیں۔

دوسری جانب گزشتہ دنوں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے ینگ فارمسٹ ایسوسی ایشن کی شکایت پر کارروائی شروع کی ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ ڈاکٹر ظفرمرزا نے ڈریپ کے ڈپٹی ڈائریکٹر غضنفر علی کی ملی بھگت سے ماسک اسمگل کرائے ہیں۔