روس کے وزیر خارجہ وفد کے ہمراہ پاکستان کے 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

 
0
107

اسلام آباد 06 اپریل 2021 (ٹی این ایس): روس کے وزیر خارجہ سرگئ لیوروف، منگل کو وفد کے ہمراہ پاکستان کے 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایئرپورٹ پر روسی ہم منصب کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔روس میں تعینات پاکستانی سفیر شفقت علی خان اور وزارتِ خارجہ کے سینئر افسران بھی اس موقع پر وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے۔ روسی وزیر خارجہ سرگئ لیوروف بدھ کے روز وزارت خارجہ تشریف لائیں گے۔ وزارت خارجہ میں پاکستان اور روس کے مابین دو طرفہ وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی پاکستانی وفد جبکہ روسی وزیر خارجہ سرگئ لیوروف روسی وفد کی قیادت کریں گے۔ان مذاکرات میں کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون، اقتصادی روابط کے فروغ، اہم علاقائی و عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔روسی وزیر خارجہ، وزیر اعظم عمران خان و دیگر اعلیٰ قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔