امریکہ میں مقیم پاکستانی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ شراکت کو فروغ دینے کے لئے سٹارٹ-اپ سمٹ اہم پلیٹ فارم ہے، شاہ محمود قریشی

 
0
125

اسلام آباد 09 اپریل 2021 (ٹی این ایس): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سٹارٹ-اپ سمٹ، پاکستان میں کاروباری ایکو سسٹم میں متعلقہ افراد کے مابین رابطے بڑھانے اور امریکہ میں مقیم پاکستانی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ شراکت کو فروغ دینے کے لئے اہم پلیٹ فارم ہے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو ورچول سٹارٹ-اپ سمٹ کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔

دفتر خارجہ کے مطابق ورچول سٹارٹ اپ کا اہتمام وزارت خارجہ امور اور واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانہ نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ، سٹیٹ بینک آف پاکستان، ہائر ایجوکیشن کمیشن،نیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک اور سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے اشتراک سے کیا تھا۔

سمٹ میں امریکہ میں مقیم اور پاکستانی تارکین وطن اور پاکستان کے 120 سٹارٹ اپ انڈسٹری سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے خطاب میں سٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کرنے میں سہولت کار کے طور پر دفتر خارجہ کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سٹارٹ اپ سمٹ پاکستان میں کاروباری ایکو سسٹم میں متعلقہ افراد کے مابین رابطے بڑھانے اور امریکہ میں مقیم پاکستانی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ شراکت کو فروغ دینے کے لئے اہم پلیٹ فارم ہے۔

وزیر خارجہ نے امریکہ میں علمی معیشت کے لئے پاکستانی تارکین وطن کے تعاون کو سراہا۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وفاقی سیکرٹری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات شعیب احمد صدیقی نے اپنے ریمارکس میں،اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی تارکین وطن مقامی ہائی ٹیکنالوجی کی صنعت میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

بحث ومباحثہ سیشن کے دوران ، امریکہ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن اور کاروباری رہنماؤں نے سائنس وٹیکنالوجی سٹارٹ اپ اور متعلقہ شعبوں ، سرمایہ کاروں اور امریکہ میں مقیم تاجروں کے مابین باہمی تعاون اور تجارتی رابطوں کے لئے ادارہ جاتی میکانزم کو مزید مستحکم کرنے کے لئے ٹھوس سفارشات پیش کیں۔اپنے اختتامی ریمارکس میں ، امریکہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے پاکستانی تارکین وطن کی دلچسپی کو سراہا۔