این سی سی کا اجلاس طلب، کورونا سے متاثرہ شہروں میں لاک ڈاؤن متوقع

 
0
235

اسلام آباد 23 اپریل 2021 (ٹی این ایس): جس شہر میں کورونا کی شرح 10 فیصد سے اوپر ہوگی وہاں لاک ڈاون لگ سکتا ہے، کاروبار اور دفاتر بند رکھے جاسکتے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس اج دوپہر طلب کرلیا۔

اجلاس میں کورونا کی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا اور اس کی روشنی میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) برائے کورونا کا اجلاس دوپہر بارہ بجے ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزراء ، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکرٹریز شرکت کریں گے۔

اجلاس میں ملک بھر کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں کورونا کے 10 فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں لاک ڈاؤن کے فیصلے کا امکان ہے۔

ان شہروں اور علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں معطل اور دفاتر بند رکھے جانے کا امکان ہے۔ زیادہ متاثرہ شہروں میں لاک ڈاؤن کے فیصلے کی حتمی منظوری این سی سی دے گی۔