ڈی جی آر ڈی اے کو ن لیگ کی بااثر شخصیات’ وفاقی وزیر سے پنگا مہنگا پڑ گیا ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو لینڈ مافیا کے خلاف کارروائیاں مہنگی پڑ گئی

 
0
288

راولپنڈی 18 مئی 2021 (ٹی این ایس): مسلم لیگ ن کی بااثر شخصیات’ وفاقی وزیر کے ساتھ پنگا اور لینڈ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائیاں ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیپٹن(ر) عبدالستار عیسانی کو مہنگی پڑ گئیں’ چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے کرپشن فری پاکستان کے خواب پر کاری وار کرتے ہوئے رات گئے ڈی جی آر ڈی کو گھر بھیج دیا’ راولپنڈی شہر کی سماجی’ سیاسی’ کاروباری شخصیات کا تبادلے پر شدید احتجاج وزیر اعظم پاکستان سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی( آر ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل کیپٹن(ر) عبدالستار عیسانی کو راتوں رات گھر بھیجنے کی وجوہات سامنے آگئی ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جی آر ڈی اے کی زیر صدارت راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر میں سوموار کو منعقد ہونے والے اعلی سطحی اجلاس میں رنگ رنگ روڈ کرپشن سیکنڈل کی تحقیقات کے لئے قائم کی جانے والی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں غیر قانونی الا ٹمنٹ کے ذریعے کروروں روپے کا ناجائز فائدہ اٹھانے والی نجی ہائوسنگ سوسائٹیوں کا مکمل ریکارڈ پیش کیا تھا ریکارڈ کی چھان بین کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ایک بااثر ہائوسنگ سوسائٹی کے پاس4505کنال رقبہ ہونے کے باوجود واسا کا این او سی موجود ہے اور نہ اس نے نالوں کی تعداد اور کسی بھی سیلاب کی صورت میں رہائشیوں کو نقصان سے بچانے سے متعلق اقدامات کے حوالے سے محکمہ آبپاشی کا اجازت نامہ حاصل کیا دریں اثناء مذکورہ ہائوسنگ سوسائٹی کے پاس موٹر وے(M2) کے ساتھ ساتھ ڈویلپمنٹ اور پلاننگ کے حوالے سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا این او سی بھی موجود نہ تھا ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کیپٹن(ر) عبدالستار عیسانی نے نجی ہائوسنگ سوسائٹی کی جانب سے قواعد وضوابط کی کھلی خلاف ورزیوں پر آر ڈی اے کے عملے کو ہائوسنگ سوسائٹی کےDHA-2جی ٹی روڈ کے نزدیک واقع دو دفاتر کو فوری سیل کرنے کا حکم دیا-

آر ڈی اے کے عملے میں ہدایات پر فوری عمل درآمد کرتے ہوئے شام چھ سے سات بجے کے دوران سوسائٹی کے دونوں دفاتر کو سیل کردیا ذرائع کے مطابق مذکورہ ہائوسنگ سوسائٹی کے دو دفاتر سیل ہونے کے بعد لینڈ مافیا اور قبضہ مافیا میں ہلچل مچ گئی اور مسلم لیگ ن کی بااثر شخصیات اور ایک وفاقی وزیر کے دبائو پر چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک نے رات گئے ایک حکم نامے کے ذریعے ڈی جی آر ڈی اے عبدالستار عیسانی کو گھر بھیج دیا- ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ڈی جی آر ڈی اے عبدالستار عیسانی نے26اپریل2021کو رنگ روڈ کی تحقیقات کے لئے چیف سیکرٹری پنجاب کو درخواست کی تھی اور ان کی درخواست پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی گئی اور اس فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ میں اربوں روپے کی کرپشن کا انکشاف کیا گیا تھا-واضح رہے کہ کیپٹن(ر) عبدالستار عیسانی کی جانب سے ڈی جی آر ڈی اے کا چارج سنبھالنے کے بعد قبضہ مافیا’ لینڈ مافیا اور لوٹ مار میں مصروف غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں کے خلاف دبنگ کارروائیوں کے باعث ضلع راولپنڈی کی حدود میں کھلبلی مچی ہوئی تھی اور لینڈ مافیا کے بااثر سرپرست کسی بھی قیمت پر انہیں عہدے سے فارغ کرنے کے لئے سرگرم عمل تھے- فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی سفارشات کے بعد رنگ روڈ منصوبے سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والی ہائوسنگ سوسائٹی کے مالکان چیف سیکرٹری پنجاب پر دبائو ڈال کر ڈی جی آر ڈی اے کے فوری تبادلہ کروانے میں کامیاب ہوگئے-ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کیپٹن(ر) عبدالستار عیسانی کو عہدے سے فارغ کرنے پر شہری حلقوں’ سیاسی’ سماجی اور کاروباری شخصیت نے اپنے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کی جانب سے عبدالستار عیسانی کو عہدے سے فارغ کرنے کا فیصلہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے کرپشن فری پاکستان کے خواب پر شب خون مارنے کے مترداف ہے جس کا وفاقی حکومت خاص طور پر وزیر اعظم عمران خان کو فوری نوٹس لینا چاہیے ان کا کہنا ہے کہ اگر لینڈ مافیا کے خلاف کارروائیاں کرنے والے افسران کو بااثر شخصیات کے دبائو پر تبادلوں کا سلسلہ جاری رہا تو پھر وزیر اعظم عمران خان رنگ روڈ منصوبے میں کرپشن کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد کیسے کروائیں گے- عوامی حلقوں’ سیاسی’ سماجی اور کاروباری شخصیت نے وزیر اعظم پاکستان’ وزیر اعلی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ڈی جی آر ڈی اے عبدالستار عیسانی کا تبادلہ فوری طور پر منسوخ کریں اور رنگ روڈ منصوبے میں قومی خزانے کو شیر مادر سمجھ کر لوٹنے والے کرداروں کو نشان عبرت بنائیں-