نواز شریف کی نااہلی کی صورت میں ان سے”جونیئر“ کسی وزیر کو وزیراعظم کے طور پر نامزد نہیں کیا جائے گا،اسحاق ڈار کی چوہدری نثار کو یقین دہانی

 
0
412

اسلام آباد  جولائی26(ٹی این ایس): پارٹی کے سینئر لیڈران کی جانب سے یقین دہانیوں کے بعد وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے ساتھ اپنے سیاسی اختلافات کو منظر عام پر نہیں لائیں گے-ذرائع کے مطابق چوہدری نثار کو مسلم لیگ (ن)کی ہائی کمان کی جانب سے یقین دہانی کروادی گئی ہے کہ ان ہاﺅس تبدیلی کی صورت میں ان کی خواہش کے برعکس کوئی تبدیلی نہیں لائی جائے گی۔مسلم لیگ (ن) کے ایک سینئر عہدیدار کے حوالے سے نجی ٹی وی نے انکشاف کیا ہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار کا ارداہ اس وقت تبدیل ہوا، جب وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے چوہدری نثار کو یہ یقین دہانی کروائی کہ پاناما پیپر کیس کے سلسلے میں سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کی نااہلی کی صورت میں ان سے”جونیئر“ کسی وزیر کو وزیراعظم کے طور پر نامزد نہیں کیا جائے گا۔

اس پیش رفت سے واقف مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ چوہدری نثار نے نواز شریف کی نااہلی کی صورت میں وزیر داخلہ کے علاوہ کسی اور وزیر کو نامزد کرنے کے پلان پر وزیراعظم سے اختلاف کیا تھا۔انہوں نے چوہدری نثار کے حوالے سے بتایا کہ گذشتہ حکومت میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ہونے اور کابینہ کے دیگر وزراءسے سینئر ہونے کی بناءپر وزیراعظم نواز شریف کے متبادل کے طور پر ان کا انتخاب کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار صرف وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے حق میں دستبردار ہونے کو تیار تھے اور دوسری صورت میں انہوں نے وزارت سے مستعفی ہونے کی دھمکی دی تھی۔ پاناما پیپر کیس میں الجھی حکومت کے طریقہ کار کے مبینہ طور پر مخالف چوہدری نثار نے اپنے فیصلے سے آگاہ کرنے کے لیے میڈیا کو 2 مرتبہ مدعو کیا، لیکن پھر اس اہم پریس کانفرنس کو معطل کردیا گیا تھا۔