ای سی او کی پارلیمانی اسمبلی میں مشترکہ چارٹرکی منظور پر سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں: عمران خان

 
0
168

اسلام آباد 02 جون 2021 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان خان اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی پارلیمانی اسمبلی میں مشترکہ چارٹرکی منظور پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ممالک نہیں خطے ترقی کرتے ہیں اور اسے ہمارے خطے کو مواقع ملیں گے۔

اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی پارلیمانی اسمبلی کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ رکن ممالک کے تمام نمائندوں اور پاکستان آئے ہوئے پارلیمنٹیرینز کو خوش آمدید کہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہوئی کہ اسلام آباد چارٹر پر دستخط کرکے منظور کیا، جس پر میں سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کیونکہ اس میں آپ نے چند اہم باتیں کی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے آپ نے کمیٹیاں بنائیں جو ان 10 ممالک کے درمیان رابطہ کاری کو مزید بڑھائیں گی، دنیا میں ملک نہیں خطے ترقی کرتے ہیں اور یہ اتنا بڑا خطہ ہے کہ میرے خیال میں ترکی کے اسپیکر نے کہا کہ ہماری مجموعی آبادی 45 کروڑ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 45 کروڑ کی آبادی ایک بہت بڑی ہیومینٹی کا نام ہے اور اس میں پوٹینشل ہے، اگر ہم اتنی تعداد کو صحیح معنوں میں منسلک کریں اور تجارت بڑھا لیں اوراپنے مسئلے حل کرلیں تو یہ پورا پاور ہاؤس بن جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس میں مختلف ممالک کی مختلف خاصیت ہے کہ کسی کے پاس نوجوان آبادی ہے اورمختلف وسائل ہیں ہے، جب یہ مجمتع ہو اور اس صلاحیت کا استعمال کریں تو سب کا فائدہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین ہماری سامنے بنی اور دیکھتے ہی دیکھتے سب کا معیار زندگی اوپر چلا گیا کیونکہ جب آپ معاشی تعاون بڑھاتے ہیں تو کسٹم پر ایک دوسرے کی چیزوں پر رکاوٹیں کم کرتے ہیں اور ڈیوٹیز ختم کرتے ہیں تو تجارت سے سارے علاقے کو فائدہ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس سارے خطے کے اندر زبردست موقع ہے کہ رابطہ کاری بڑھا کر زیادہ تعاون کرکے اور جو کمیٹیاں بنائی ہیں، مجھے لگتا ہے 2013 کے بعد بہت بڑا خلا ہے کہ اسپیکرز کا اجلاس ہوا ہے۔