روٹی، کپڑا اور مکان کے نعرے کی آڑ میں زرداری نے منی لانڈرنگ کی، وفاقی حکومت نے احساس ایمرجنسی کیش کی سب سے زیادہ رقوم سندھ میں تقسیم کیں، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا بلاول زرداری کے بیان پر ردعمل

 
0
227

اسلام آباد 08 جون 2021 (ٹی این ایس): وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ روٹی، کپڑا اور مکان نعرے کی آڑ میں زرداری نے ملکی دولت لوٹ کر منی لانڈرنگ کی، جعلی اکاؤنٹس اورسوئٹزرلینڈ میں سرے محل بنائے ،سندھ میں تیسری مرتبہ پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، سوائے غربت، کرپشن اور لوٹ مار کے اور کون سا کارنامہ سر انجام دیا،سندھ میں غربت کے باعث وفاقی حکومت کی جانب سے احساس ایمرجنسی کیش کے سب سے زیادہ 57ارب 13 کروڑ39لاکھ 96 ہزار سندھ میں تقسیم کیے گئے جوکہ مجموعی فنڈز کا 35 فیصد ہے۔

منگل کو وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بلاول زرداری کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ بلاول بھٹو زرداری بتائیں سندھ کی عوام کو مفت علاج کے لیے ہیلتھ کارڈ کیوں نہیں دے رہے ، پرچی چئیرمین سچ بتائے کیا گندم خریداری کی سپورٹ پرائس 1400 سے بڑھا کر 2000 روپے فی من کرنے کا اثر آٹا کی قیمتوں پر نہیں آئے گا؟ انہوں کہا کہ 2008سے 2013 تک پیپلز پارٹی کی حکومت میں فصلوں کی گروتھ اوسطا 1.25جبکہ آبادی کی گروتھ 2 فیصد تھی، آپ کی وجہ سے ملک میں فوڈ سکیورٹی کے مسائل پیدا ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں حکومت غذائی تحفظ کے شعبے میں خود کفالت کے لئے کام کررہی ہے، پرچی چیئرمین مگرمچھ کے آنسو نہ بہائیں بلکہ سندھ میں گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوز مافیا کے خلاف ایکشن لیں، اس وقت بھی سب سے زیادہ مہنگا20 کلو آٹا کا تھیلا کراچی میں فروخت ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عمران خان نے غریب،بے سہارا اور مستحقین کو سہارا ادیا اور چھت بنا کر دے رہے ہیں،کم آمدن گھروں کی تعمیر کے لئے 70 ارب کی درخواستیں موصول ہو چکیں ہیں، بلاول صاحب ، عوامی امنگوں کے عین مطابق ایسا کوئی منصوبہ یا پروگرام ہے تو سامنے لائیں۔

انہوں نے کہا کہ جس صوبے کے چوہے 14 ارب روپے کی گندم کھا جائیں، عوام خود اندازہ لگا لیں کہ وہاں کے حکمراں کتنے کرپٹ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد زراعت تمام صوبوں کی طرح سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے کپاس کی پیداوار بڑھانے کی جائے کم کیوں ہوگئی ؟ زرداری کے فرنٹ گروپ اومنی گروپ نے 11شوگر ملز لگا لی جس کیوجہ سے سندھ میں کاٹن ایریا پرگنے کی کاشت شروع ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن رپورٹ کے مطابق دنیا میں کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں 40 فیصد، خوردنی آئل میں 124 فیصد اضافہ ہوا ہے ، پیپلز پارٹی کے دور میں ایک سال میں سب زیادہ مہنگائی 25فیصدپر تھی۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتیں 34 ڈالر سے 70 ڈالر فی بیرل پہنچ گئی لیکن وزیراعظم نے عالمی سطح اضافہ کا بوجھ قیمتیں بڑھا کر پاکستانی عوام پر نہیں ڈالا۔