وزیراطلاعات صاحب اپنے کرتوتوں کا جائزہ لیں، ریلوے کا پیسہ کہاں جاتا ہے: خواجہ سعد رفیق

 
0
169

اسلام آباد 08 جون 2021 (ٹی این ایس): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ریل حادثے پر وفاقی وزیر اطلاعات کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ اپنے کرتوتوں کا جائزہ لیں اور ریلوے کا پیسہ کہاں جاتا ہے، اب رسیدیں آپ کو نکالنی ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ میں نے جب ریلوے چھوڑا تھا وہ کما کر دینے والا ادارہ تھا اور اب ان کی حکومت میں کتنی کمائی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ اب کورونا کے پیچھے نہیں چھپنا، کرپش کرپشن کا شور مچا کر نہیں چھپنا کیونکہ میں ثبوت کے ساتھ بات کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا آخری ترقیاتی بجٹ 40 ارب روپے تھا جبکہ ان کا 17 یا 18 ارب بجٹ ہے اور انہوں نے بجٹ میں 65 فیصد کٹ لگایا، مینٹینینس کے کئی ہیڈ ہیں اور ہر ایک پر بے پناہ کٹ لگایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مینٹینینس کے لیے پیسہ نہیں ہے تو مینٹیننس کیسے ہوگی، جہاں آج حادثہ ہوا ہے، یہ ٹنڈو آدم روہڑی اور خان پور سیکشن کہلاتی ہے، 456 کلومیٹر اس کی اسٹرینتھ ہے اور اس کے سب سیکشن روہڑی خان پور پر حادثہ ہوا ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ یہ کون کہتا ہے کہ انگریز کے دور کا بنا ہوا ہے، جو جھوٹا وزیرداخلہ بنا ہوا ہے آج کل، کوئی اس کو بتائے کہ یہ ٹریک 1978 یا 1979 میں شروع ہوا تھا اور 1985 تک تقریباً مکمل ہوا تھا جو 30، 35 سال پرانا ہوگا۔

جائے حادثے کے ٹریک کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کے سلیپرز کنکریٹ کے بنے ہوئے ہیں جو جدید ہیں اور اس کے فاسٹننگ امپورٹڈ ہے۔

سابق وزیر ریلوے نے کہا کہ حادثہ اس لیے ہوتا ہے کہ مینٹیننس نہیں ہوتی، ابھی ریلوے کا شعبہ ایف جی آئی آر حقائق سامنے لائے گا کچھ دن لگیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک تو یہ ہے مینٹیننس کے لیے پیسے نہیں ہیں، لوکوموٹیو رل رہے ہیں اورکچھ کو آپ نے لاک کردیا ہے، چینی لوکوموٹیو کو بلور صاحب نے منگوایا تھا اور 15 فیصد ڈاؤن پیمنٹ بھی ان کے دور میں ہوئی تھی، ہم نے وصول کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے مینٹینینس کا ایک شیڈول بنایا تھا، ہر لوکوموٹیو کا ایک شیڈول ہے، چینی لوکوموٹیو کی مینٹیننس ہوگی، ہم نے فیصل آباد میں امریکی لوکوموٹیو لیا تھا جو بہترین مشین ہے جس کو ہم پاکستان لے آئے لیکن یہ جھوٹا شخص اس پر بے بنیاد الزامات لگاتا رہا لیکن دنیا میں ایسی کوئی مشین نہیں ہے جو مینٹیننس کے بغیر زندہ رہ سکتی ہے۔

حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب آپ سے ٹریک اور نہ ہی رولنگ اسٹاک چل رہا ہے تو میرا قصور ہے، ہم نے ساتھ میں بزنس پلان دیا تھا اس کو بھی تبادہ کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس حادثے کی بنیادی وجہ ٹریک کی مینٹیننس نہ ہونا ہے، دوسری بات رولنگ اسٹاک کی مینٹیننس نہیں ہوتی، ہرکوچ مینٹیننس مانگتی ہے لیکن اس کام پر کوئی توجہ نہیں ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ ریلوے کی ساری قانونی لڑائی ہم نے لڑی، الزامات لگائےگئے، رائل پام کا فیصلہ سپریم کورٹ نے کیا تو یہ ایک دوسرے کو مٹھائی کھلا رہے تھے لیکن ڈیڑھ دو سال ہوگئے ابھی تک رائل پام کی ٹینڈرنگ نہیں ہوئی اور اس ایک جگہ سے کروڑوں کا نقصان کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 11 نئے ریلوے اسٹیشنز بنائے تھے، ہر جگہ کمرشل ایریا ہے لیکن تین سال میں ایک دکان لیز نہیں کی گئی، اس مد میں ریلوے کو کروڑوں روپے کا چونا لگ رہا ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیراطلاعات صاحب اپنے کرتوتوں کا جائزہ لیں، ریلوے کو آپ لوگوں نے تباہ کردیا ہے، ہمارے دور میں لوگوں کے واجبات وقت پر ادا ہوتے تھے لیکن اب لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیسے کہاں جاتے ہیں، جو پیسے ملتے ہیں وہ کہاں ہیں، جواب دیں، اب رسیدیں آپ نے نکالنی ہیں، لوگوں پر نہ ڈالو۔

ان کا کہنا تھا کہ ریلوے قومی ادارہ ہے اس پر تو سیاست نہ کی جائے۔

سابق وزیرریلوے نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے 70 لوگ شہید ہوئے اور جھوٹ بولا گیا کہ سلینڈر سے آگ لگی حالانکہ تین کوچز الگ الگ ہیں لیکن کیا ممکن ہے کہ ایک کوچ کو آگ لگے تو دیگر کو بھی وہی پکڑے، یہ شارٹ سرکٹ تھا جو بعد میں تفتیش سے ثابت ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ 70 بے گناہ پاک بازانسانوں کی لاشوں پر یہ جھوٹ بول رہے تھے تو آپ پر کون یقین کرے گا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آپ تو استعفیٰ مانگا کرتے تھے، لودھراں حادثے پر عمران خان وہاں پہنچ گئے تھے کہ استعفیٰ دے دو اور اپنی بار استعفیٰ لینا یاد نہیں رہتی، اپنی بار آنکھیں، کان اورمنہ بھی بند ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے لیے جہانگیر ترین کی تفتیش کرنی ہو تو علی ظفر سے کریں اور ہماری باری آئی تو قومی احتساب بیورو (نیب) کے پاس جائیں گے، اورلاڈلا کس کو کہتے ہیں، یہ ہیں دو پاکستان، آپ نے بنائے ہیں جن کا احتساب بھی دو نمبر ہے، جن کی کارکردگی صفر ہے اورجن کا ہدف صرف حزب مخالف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ذمہ دار اپوزیشن ہیں، ہم پوائنٹ اسکورنگ نہیں کرتے، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے ادارے کامیاب ہوں، ریلوے بھی کامیاب ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت ایم ایل ون منصوبہ جہاں یہ حادثہ ہوا ہے وہ مکمل ہوچکا ہوتا، لاہور-ملتان مکمل ہوجاتا اورپنڈی لاہور کے درمیان پوٹھوہار میں نیا ٹریک تعمیر ہوچکا ہوتا اور اگلا منصوبہ الیکٹرونک سگنلنگ کا تھا لیکن وہ ٹیم ہی توڑ دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کا شعبہ بنایا تھا یہ جو ای ٹکٹنگ ہے، ای ٹکٹنگ کو تباہ کرکے رکھ دیا اور پنڈی سے اپنی مرضی کے لوگ بھرتی کرلیے اور ان پروفیشنل لڑکوں کو نکال دیا جن کو میں جانتا بھی نہ تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کو اس جگہ لے جایا گیا جہاں خدانخواستہ بندش کی طرف جائے گا کیونکہ ریلوے اپنا بوجھ برداشت کرنے کے قابل نہیں رہی۔

خواجہ سعد رفیق نے مطالبہ کیا کہ اس حادثے کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے اورتبلیغی جماعت کے لوگ شہید ہوئے تھے، اس کی بھی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے تاکہ حقیقت کا پتہ چلے۔

سابق وزیر ریلوے نے کہا کہ اگر حکومت میں ہمت ہے تو اس کی اور پچھلے حادثے کی انکوائری کرائے، دودھ کا دودھ سامنے آجائے گا۔