ریلوے حکام کی غفلت سے حادثات ہورہے ہیں, وزیر ریلوے اعظم سواتی

 
0
192

اسلام آباد 09 جون 2021 (ٹی این ایس): وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا ہے کہ ریلوے حکام کی غفلت سے حادثات ہورہے ہیں جبکہ کرپٹ افسران کے خلاف جہاد کا اعلان کر دیا ہے۔

رحیم یار خان کے شیخ زیداسپتال میں ٹرین حادثے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اعظم سواتی کا کہنا تھاکہ وزیراعظم عمران خان کو حقائق سے آگاہ کر دیا ہے اور کل تک رپورٹ مرتب کرکے ذمہ داروں کا تعین ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے حکام کی غفلت سے حادثات ہورہے ہیں، ریلوے کے کرپٹ افسران کے خلاف جہاد کا اعلان کر دیا ہے اور کرپشن کے خلاف اِس جہاد کو انجام تک پہنچاؤں گا۔

اعظم سواتی کا کہنا تھاکہ سکھر ڈویژن کا ریلوے ٹریک بوسیدہ ہو چکا ہے، 1971 کا ٹریک 30 سال بعد تبدیل ہونا تھا جو نہ ہواذمہ دار کون ہے؟ ایم ایل ون کی طرف جانا ہے یا اپنے وسائل سے ٹریک تبدیل کرنا ہے فیصلہ کل ہوگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈہرکی ٹرین حادثے کے نتیجے میں 62 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور 100 سے زائد زخمی ہیں۔