سی ڈی اے کے چار افسران اور ملازمین غیر ذمہ دارانہ رویے اور کرپشن کے الزامات پر معطل

 
0
456

اسلام آباد اکتوبر 25 (ٹی این ایس): سی ڈی اے نے غیر ذمہ دارانہ رویے اور کرپشن کے الزامات پر چار افسران اور ملازمین کو معطل کر دیا ہے۔ مذکورہ افسران اور ملازمین پر اعلیٰ حکام کی طرف سے دی گئیں ہدایات کو نظر انداز کرنے اور سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (SOPs) کے بر عکس پلاٹوں کی الاٹمنٹ کرنے پر معطل کیا گیا ہے۔معطل کیے گئے افسران و ملازمین میں ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ و بحالیات تیمور احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ و بحالیات اصغر علی، ایڈمن افسر بحالیات ملک سجاد اور سب اسسٹنٹ بحالیات محمد لطیف شامل ہیں۔ معطل کیے گئے افسران و ملازمین پر نااہلی، غفلت اور کرپشن کے الزامات ہیں کیونکہ انہوں نے سیکٹر D-13 میں 59 پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے اعلیٰ حکام کی ہدایات جن میں کہا گیا تھا کہ ان پلاٹوں کو بذریعہ شفاف قرعہ اندازی الاٹ کیے جائیں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر قرعہ اندازی کیے الاٹمنٹ کر دی جو نہ صرف قوانین کے بر عکس ہے بلکہ پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے جاری کردہ SoPs کی بھی خلا ف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ رواں ہفتہ کے دوران سیکٹر D-13میں بغیر قرعہ اندازی کیے 59پلاٹوں کی الاٹمنٹ کرنے پر ڈائریکٹر لینڈ و بحالیات فرید الدین کو معطل کیا جا چکا ہے۔اس سلسلے میں مجاز افسر کی جانب سے فریدالدین کو چارچ شیٹ جاری کر دی گئی ہے۔ سی ڈی اے نے کہا ہے کہ معاملے کی چھان بین کے لیے باقاعدہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے جس کی سفارشات کی روشنی میں ملوث پائے جانے والے افسران و ملازمین کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سی ڈی اے نے مزید کہا ہے کہ کرپشن،فرائض سے غفلت اور جاری کردہ ہدایات کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے والے افراد کے خلاف بھر پور کاروائی کی جائے گی۔