اسلام اباد 12 جون 2021 (ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف شمالی پنجاب کے صدر و ممبر قومی اسمبلی حلقہ این اے 57 صداقت علی عباسی عوام کو خوشخبری سناتے ہوے کہا ہے کہ کوہسار ٹورزم ہائی وے سیاحت انڈسٹری کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت ثابت ہوگا اور خطہ کوہسار کے لیے گیم چینجر منصوبہ بنےگا ۔ وفاقی حکومت کے اعلان کردہ بجٹ 2021-22 میں پی ایس ڈی پی کا حصہ بننے والی کوہسار ٹورزم ہائی وے تحصیل راولپنڈی، تحصیل کلرسیداں، تحصیل کہوٹہ، تحصیل کوٹلی ستیاں اور تحصیل مری کو آپس میں ملائے گی ۔
4 ارب کی لاگت سے بننے والے اس منصوبے میں 26 فٹ چوڑی 123 کلومیٹر روڈ یہ خطہ کوہسار اور خطہ پوٹھوار کو آپس میں ملائے گی جس کے لیے ایک ارب 75 کروڑ روپے فوری جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وزیراعظم پاکستان جناب عمران خان کے حالیہ دورہ مری کے دوران میں نے اس ٹورزم کاریڈور کی اہمیت پر زور دیا تھا اور نئے سیاحتی مقامات کے فروغ میں اس سڑک کے ممکنہ کردار کو اجاگر کیا ۔
وزیراعظم پاکستان نے نہ صرف اس آئیڈیا کو پسند کیا بلکہ بجٹ میٹنگز میں بار بار اس منصوبے کا تذکرہ کیا ۔
اس منصوبے کی تکمیل پر نہ صرف سیاحتی سرگرمیوں میں بےپناہ اضافہ ہوگا بلکہ مری گلیات کشمیر اور شمالی علاقہ جات میں جانے والے سیاحوں کو راولپنڈی اسلام آباد میں داخل ہونے کی ضرورت ہی نہیں رہے گی ۔
ضلع راولپنڈی کی 5تحصیلوں کو ملانے والی یہ سڑک نہ صرف حلقےمیں کاروبار اور روزگار کے نئے مواقع فراہم کرے گی بلکہ صدیوں سے آباد اس خطے کے لوگوں کو ملانے کا باعث بنے گی جن کی زبان رسم و رواج اور روایات ایک جیسی ہونے کے باوجود رابطہ نہ ہونے سے دوریاں پیدا ہو گئی تھیں ۔
منصوبہ کی تفصیل بتاتے ہوے ایم این اے نے کہا کہ جی ٹی روڈ سے روات کے راستے چوکپنڈوری (تحصیل کلر سیداں)، تحصیل کہوٹہ کے علاقہ جات نارہ مٹور کے ذریعے بیور، راجگڑھ سے پنچاڑ سے ہوتی ہوئی یہ سڑک خوبصورت سیاحتی مقام پنج پیر جائیگی جو خطئہ کوہسار کا ایک نیا خوبصورت ترین سیاحتی سرپرائز ثابت ہوگا۔
نڑھ پنج پیر سے گزر کرگھنے جنگلوں میں واقع دانوئی بنگلے کے راستے کوٹلی ستیاں اور وہاں سے نیومری پتریاٹہ کے راستے لوئر ٹوپہ میں واقع مری مال روڈ ٹو کو لنک کریگی۔
راستے بیش بہا سیاحتی مقامات ، بلند ترین پہاڑی سلسلے ، نایاب چٹانی سلسلے، لاتعداد چشمے اور آبشاریں اس راستے سے گزرنے والے سیاحوں کے لیے کسی تحفے سے کم ثابت نہیں ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ میں میری ٹیم کی پوری کوشش ہوگی کہ اس نئے سیاحتی اثاثے کو مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے پرکشش بنانے کے واسطے بڑے پیمانے پر بین الاقوامی معیار کی ماسٹر پلاننگ کی جائے تاکہ علاقے کے قدرتی حسن اور سیاحتی پوٹینشل کو ہمیشہ کے لئے محفوظ رکھا جائے ۔
ماضی میں اس علاقے سے منتخب ہوکر ایم این اے ایم پی اے وزیر اور وزیر اعظم تک بننے والے لوگوں نے اس بہت بڑے سیاحتی اثاثے کو نظر انداز کیا بلکہ اس بات کو ثابت کیا کہ ان میں اہلیت اور نیت کے علاوہ ویژن کی بھی بہت کمی تھی جس کے منفی اثرات کا سایہ تین دہائی تک اس کے پڑا رہا ۔
علاقے کے لوگوں کے ویژن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے نالائق قیادت کو ووٹ کے ذریعے علاقہ بدر کیا نئی قیادت کو موقع فراہم کیا ۔
صداقت عباسی نے کہا کہ میں نے منتخب ہونے کے فورا بعد اپنی ٹیم کے ہمراہ اس حلقے کے سیاحتی پوٹینشل کو خطے کی تعمیر و ترقی میں بدلنے کا تہیہ کیا اور نہ صرف میڈیا اور سوشل میڈیا پر بلکہ ہر حکومتی پارلیمانی اور ادارہ جاتی پلیٹ فارم پر با آواز بلند اس منصوبے کے لیے آواز اٹھائی۔ آج میں اور میری ٹیم اللہ کا شکر ادا کرتی ہے کہ اس خطے کی تقدیر بدلنے والا یہ منصوبہ ہمارے ہاتھوں اور ہمارے قائد جناب عمران خان کی سرپرستی میں مکمل ہو گا۔تحریک انصاف ایسے عوام دوست منصوبے یقینی بناے گی جو کہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھے جاہیں گے۔













