آرٹس اینڈ کرافٹس ولیج کے احیاءسے ملکی ثقافتی ورثے کے فروغ میں مدد ملے گی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

 
0
93

اسلام آباد 03 مارچ 2022 (ٹی این ایس): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آرٹس اینڈ کرافٹس ولیج کے احیاءسے ملکی ثقافتی ورثے کے فروغ میں مدد ملے گی، ویلج کی بحالی سے دستکاروں اور کاریگروں کو مقامی فنون اور ثقافتی مصنوعات کوفروغ دینے کا موقع ملے گا۔

جمعرات کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں آرٹس اینڈ کرافٹس ولیج شکرپڑیاں کے احیاءپر منعقدہ اجلاس کے دوران کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ویلج دستکاروں، کاریگروں ، باہنر نوجوانوں کو مصنوعات کی نمائش اور مارکیٹنگ کیلئے پلیٹ فارم مہیا کرے گا جبکہ آرٹس اینڈ کرافٹس ولیج قومی و بین الاقوامی کاریگروں میں روابط ، ثقافتی تعلقات بڑھانے میں مدد دے گا۔ صدر مملکت کی زیر صدارت اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے، نیشنل کالج آف آرٹس اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن کے وائس چانسلرز سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے گائوں کی بحالی کے منصوبے پر بریفنگ دی۔ صدر مملکت کو بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ منصوبے سے میں ملک کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کی بڑی صلاحیت موجود ہے، مجوزہ بحالی کے منصوبے کے تحت فوڈ کورٹس، دکانیں اور ایمفی تھیٹر قائم کیے جائیں گے۔

اجلاس میں ویلج کی مدد سے ملک کے ثقافتی ورثے کو موثر انداز میں پیش کرنے پر تجاویز دی گئیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس موقع پر نیشنل کالج آف آرٹس اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن کی تجاویز اور سی ڈی اے کے مجوزہ بحالی پلان کو سراہا۔