مسلم لیگ (ن) کا انتخابی اصلاحات کی قانون سازی کو ہر سطح پر چیلنج کرنے کا اعلان

 
0
165

اسلام آباد 20 جون 2021 (ٹی این ایس): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئین اور الیکشن کمیشن کے اختیارات پر قدغن لگانے والی حکومت کی انتخابی اصلاحات کی قانون سازی کو ہر سطح پر چیلینج کریں گے۔

انہوں نے یہ بات اتوار کے دن سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہی ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے انتخابی اصلاحات کے قانون پر بات چیت کے لیے APC بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ حکومت نے اس قانون پر بات کرنے کی اجازت دیے بغیر جس طرح منظور کرایا ہے اس سے اس کے عزائم کی واضح عکاسی ہوتی ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئین اور الیکشن کمشن کے اختیارات پر قدغن لگانے والی اس قانون سازی کو ہم ہر سطح پرچیلنج کریں گے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے گزشتہ روز چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا اوران سے مجوزہ اے پی سی پر مشاورت کی تھی۔ اطلاعات کے مطابق دونوں نے اے پی سی بلانے کی حمایت کی تھی۔