چیئرمین سی ڈی اے کا ہفتہ کے روز پارک انکلیو کا دورہ ،تمام ترقیاتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت

 
0
421

اسلام آباد 26 جون 2021 (ٹی این ایس): چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی عامر علی احمد کا پارک انکلیو کا دورہ ، ترقیاتی کاموں کا جائزہ ، موقع پر ہی متعلقہ شعبوں کے افسران کو ترقیاتی کام بروقت مکمل کرنے کی ہدایات جاری۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے نے ممبر انجینئرنگ منور شاہ ، ڈی جی ورکس ، ڈائریکٹر روڈ،پروجیکٹ ڈائریکٹر پارک انکلیو اور دیگر افسران کے ہمراہ پارک انکلیو کا دورہ کیا ۔

اس موقع پر ممبر انجینئرنگ منور شاہ نے چیئرمین سی ڈی اے کو پارک انکلیوون، پارک انکلیو ٹو، پارک انکلیو تھری کے ترقیاتی کاموں ، سڑ کوں کی تعمیر، ارتھ ورک ،واٹر سپلائی ، سیورج لائنوں کی تعمیر کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت جاری کی کہ پارک انکلیو ون میں ترقیاتی کاموں کو تیز کیا جائے اور دسمبر 2021تک ہر صورت میں مکمل کیا جائے۔ پارک انکلیو ون میں شہری بنیادی سہولیات کو مزید بہتر کیا جائے،پارکوں میں انوائرمنٹ کا کام فوری طور پر شروع کر کے جولائی کے آخر تک مکمل کیا جائے۔ مون سون سے پہلے پھول اور پودے لگانے کے عمل کیلئے تیاری مکمل کرلی جائے تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ لگائے جا سکیں۔ انہوں نے فسیلی ٹیشن سنٹر کا بھی جائزہ لیا جس کا 90فیصد تک کام مکمل ہو چکا ہے جو کہ جلد مکمل کر لیا جائے گا جبکہ مین ہولز کے ڈھکن لگانے کا کام دو روز میں مکمل کیا جائے ، رہائشیوں کی سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر کیا جائے ۔پارک انکلیو 1میں ہی گمرا کس نالے کے ساتھ واک وے کی تعمیر جبکہ پیدل چلنے والوں کیلئے پل فوری طور پر تعمیر کیا جائے تاکہ اس نالے کے دونوں اطراف پر موجود پارکس کو ملایا جاسکے، مسجد کی تعمیر بھی فوری طور پر مکمل کی جائے۔ پارک انکلیو 1 میں جاری ترقیاتی کاموں کو بھی جلد مکمل کیا جائے ۔

ممبر انجینیرنگ نے بتایا کہ پارک انکلیو ٹومیں ڈرینج/سیورج لائنز کاکام 15جولائی سے شروع کر دیا جائے گا۔جس پر چئیرمین سی ڈی اے نے حکم دیا کہ پارک انکلیوفیز ٹو میں جلد ترقیاتی کام جلد شروع کیے جائیں اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ تمام ترقیاتی بروقت مکمل کیے جائیں ۔
مزید براں سی ڈی اے انتظامیہ کے سربراہ نے ہدایات جا ری کیں کہ پارک انکلیو تھری میں بلڈاپ پراپرٹیز کا مسئلہ حل کر کے فوری طور پر قبضہ لیا جائے ۔
اس موقع پر شہریوں نے پارک انکلیو فیز 1میں سٹریٹ لائٹس اور دیگر ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا ۔