نیشنل انڈسٹریل ریلیشن کمیشن (این آئی آرسی) میں ممبران کی عدم تعیناتی پر مزدوروں کے ہزاروں کیسز التواء کاشکار۔

 
0
246

این آئی آر سی کے ممبران کی تعیناتی فوراً کی جائے تاکہ انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ چوہدری محمد یٰسین
اسلام آباد 30 جون 2021 (ٹی این ایس): نیشنل انڈسٹریل ریلیشن کمیشن (این آئی آرسی) میں ممبران کی تعینانی نہ ہونے کی وجہ سے ملک بھر کے مزدوروں میں بے چینی پائی جاتی ہے اور عرصہ چارماہ سے این آئی آر سی کے پانچ ممبران کی عدم تعیناتی کی وجہ سے مزدوروں کے ہزاروں کیسزالتواء کا شکار ہیں اور اداروں میں ریفرنڈم جیسے اہم معاملات بھی نہیں ہو رہے ہیں،اداروں سے مزدوروں کی برطرفیوں کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت کے لیے این آئی آر سی کا فل بینچ مکمل نہ ہونے کی وجہ سے مزدوروں کو مشکلات کا سامنا ہے،عرصہ دراز سے نئے ممبران کی تعیناتی کی سمری وزارت قانون میں پڑی ہوئی ہے جس پر کوئی عمل درآمد نہیں ہوسکا،ان خیالات کا اظہار پاکستان ورکرز فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یٰسین،ممبر گورننگ باڈی آئی ایل اومحمد ظہور اعوان،آل پاکستان اخبارفروش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ٹکا خان،پی ڈبلیو ایف کے نیشنل کوآرڈینیٹر شوکت علی انجم و دیگر مزدور رہنماؤں نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر انھوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان،چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان،وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم،وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان سے اپیل کی ہے کہ این آئی آر سی میں ممبران کی فوراًتعیناتی کی جائے تاکہ پاکستان بھر کے مزدوروں کے زیر التواء کیسز کی سماعت ہو اور انصاف کی فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے۔