وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کے بورڈ کا چھٹا اجلاس جمعہ کے روز چیئر مین عامر علی احمد کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈ کواٹرز میں منعقد ہوا

 
0
585

اسلام آباد 09 جولائی 2021 (ٹی این ایس): وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کے بورڈ کا چھٹا اجلاس جمعہ کے روز چیئر مین عا مر علی احمد کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈ کواٹرزمیں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر فنانس رانا شکیل جاذب، ممبر ایڈمنسٹریشن عامر عباس، ممبر اسٹیٹ نوید الہٰی، ممبر انجیئنرنگ منور شاہ سمیت تمام ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایجنڈہ کو زیر غور لاتے ہوئے سابقہ اجلاس کی کاروائی کی منظوری دینے کے علاوہ فیصلہ کیا گیا کہ سیونتھ ایونیو، آئی جے پی روڈ اور ڈسٹرک کورٹس کی تعمیر کے منصوبوں کو سرکاری ادارے کے حوالے کیا جا ئے تاکہ ان منصوبوں پر ایک ہفتے میں کام کے آغاز کو یقینی بنایا جا سکے۔ مزید براں اسلام آباد میں سلاٹر ہاؤس کی تعمیر کیلئے کنسلٹنٹ کی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی۔

مزید براں پی اے سی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے داخلہ کی ہدایت کی روشنی میں سیکٹر ایف سیون میں واقع صفاء گولڈ شا پنگ مال کے معاملہ کو زیر غور لایا گیا۔ اجلاس میں وفاقی دارلحکومت کے سیکٹر آئی الیون ون اور آئی الیون ٹو میں قبرستان کی وجہ سے لے آؤٹ پلان میں قواعد و ضوابط کے مطابق تبدیلی کی منظوری دے دی گئی۔ اسی طرح سینٹ ایونیو ہاؤسنگ سکیم کے این او سی کی درخواست کو بھی منظور کر لیا گیا۔ اجلا س میں جناح کنونشن سینٹر کی نج کاری کا معاملہ بھی زیر غور لایا گیا جس پر بورڈ نے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد معاملے کو دوبارہ وفاقی کابینہ میں بجھوانے کا فیصلہ کیا۔ مزید برآں اجلاس میں پیرا ڈائزڈ سٹی کے این او سی کے معاملے کو متعلقہ ونگ میں دوبارہ بھیجنے کا فیصلہ بھی کیاگیا اور ہدایات جاری کی گیئں کہ تمام قانونی تقاضے اور ضابطے پورے کرنے کے بعد معاملہ کو دوبارہ اجلاس میں پیش کیا جائے۔ اسی طرح سی ڈی اے ملازمین کے گریڈ ایک تا سولہ، ریٹائرڈ ملازمین اور بیوگان کے پلاٹس کے معاملے کو بھی زیر غور لایا گیا جس پر فیصلہ کیا گیا کہ یہ معاملہ تمام قواعد وضوابط کا جائزہ لینے کے بعد دوبارہ اجلاس میں پیش کیا جائے۔