وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ تھانے کے تمام اہلکاروں کو معطل کردیا

 
0
303

جولائی27(ٹی این ایس)ملتان کے علاقے راجہ پور میں تھانہ مظفر آباد کی حدود میں 16 جولائی کو 12 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی ہوئی جس کے بعد 18 جولائی کو معاملے کا فیصلہ کرنے کے لیے پنچایت لگی۔

پولیس کے مطابق پنچایت کے لڑکی سے زیادتی کے بدلے زیادتی کے حکم پر ملزم کی بہن کو متاثرہ لڑکی کے بھائی نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ زیادتی کے واقعات کے بعد فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف مقدمات درج کرائے جب کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کی گئی۔

پولیس نے پنچایت کے سربراہ سمیت 10 ملزمان کو حراست میں لے لیا جب کہ پنچایت کے حکم پر لڑکی سے زیادتی کرنے والا ملزم تاحال فرارہے۔

جمعرات کے روز میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پہلے واقعے کی ایف آئی آر آٹھ دن کے بعد کاٹی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ 20 اور21 کی درمیانی شب ایف آئی آر درج کی گئی، پنچایت کی ہدایت پر ظلم ہوا اور ذمے داروں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ متعلقہ تھانے کے تمام اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے جن میں ایس ایچ او اور ڈی ایس پی بھی شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تین افسران پر مشتمل کمیٹی بنادی گئی ہے جس میں آر پی او سرگودھا کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کمیٹی سے 72 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کی گئی ہے۔

چیف جسٹس پاکستان نے بھی واقعے کا از خود نوٹس لے لیا ہے