ازبکستان کو بھی ہماری بندرگاہوں کے راستے مل سکتے ہیں: وزیر اعظم

 
0
176

اسلام آباد 15 جولائی 2021 (ٹی این ایس): وزیر اعظم عمران خان نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ازبکستان کو ہماری بندرگاہوں کے راستے افریقا تک رسائی مل سکتی ہے، بھارت سے تعلقات بہتر ہو جائیں گے تو وہاں تک بھی رسائی مل سکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج جمعرات کو تاشقند میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور ازبک صدر شوکت مرزایوف نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی، ازبک صدر نے کہا پاکستان جنوبی ایشیا کا اہم ملک ہے، پاکستان کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور تجارتی روابط کوفروغ دے رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا ازبکستان کا یہ میرا پہلا دورہ ہے لیکن آخری ہرگز نہیں ہوگا، ثمر قند اور بخارا کی تاریخ سے مجھ سمیت ہر پاکستانی بخوبی واقف ہے، ازبک صدر نئے ازبکستان اور میں نئے پاکستان کی بات کر رہا ہوں، ہم ازبکستان کے ساتھ مضبوط تجارتی شراکت داری چاہتے ہیں، پاکستانی تاجروں کا ایک بڑا وفد میرے ساتھ ازبکستان آیا ہے، جو یہاں کاروبار کے خواہش مند ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا ہم ازبکستان کے جدید زرعی آلات اور صحت کےشعبے میں تجربات سے استفادہ چاہتے ہیں، ازبکستان کے ساتھ فضائی اور زمینی روابط کو فروغ دینا چاہتے ہیں، ہماری تجارتی سامان کی نقل وحرکت کے لیے پاکستان سے مزار شریف ریلوے لائن منصوبے میں دل چسپی ہے۔

عمران خان نے کہا ہماری نئی نسل کو قدیم ثقافتی و تاریخی روابط کے بارے میں معلوم ہونا چاہیے، ہمیں اپنے صوفی بزرگوں اور علامہ اقبال کے بارے میں بھی مشترکہ فلمیں بنانی چاہئیں، پہلے مرحلے میں مغل بادشاہ ظہیرالدین بابر کے بارے میں مشترکہ فلم بنائیں گے، ثقافتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے تو ازبکستان میں کرکٹ بھی متعارف کرائیں گے۔

ازبک صدر نے کہا 2 سال پہلے ازبکستان نے اپنی کرکٹ ٹیم رجسٹرڈ کرائی ہے، ہمیں خوشی ہوگی کہ پاکستان کرکٹ کے کھیل کے فروغ میں مدد کرے، وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون پر تفصیلی جائزہ لیا، پاکستان سے 130 تاجروں پر مشتمل وفد کی آمد سے تجارتی تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔