اسلام آباد 27 جولائی 2021 (ٹی این ایس): پاکستان نے پانچ افسران سمیت چھیالیس افغان فوجیوں کو افغان حکام کے حوالے کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغان فوجیوں کو ان کے ہتھیاروں اور سازوسامان کے ساتھ باجوڑ میں نوا پاس کے مقام پر افغانستان کے حوالے کیا گیا۔
آئی ایس پی آرکا کہنا ہے افغان نیشنل آرمی اور بارڈر فورس کی درخواست پر ان فوجیوں کو داخلہ کا محفوظ راستہ دیا گیا تھا، ضرورت کے وقت پاکستان اپنے افغان بھائیوں کی ہر طرح کی مدد جاری رکھے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاک فوج نے افغان نیشنل آرمی کے 46 سپاہیوں اور پانچ افسران کو ضروری فوجی پروسیجر کے بعد پاکستان میں پناہ اور محفوظ راستہ دیدیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغان نیشنل آرمی کے لوکل کمانڈر کا چترال کے اروندو سیکٹر میں پاک آرمی سے رابطہ ہوا تھا۔ افغان نیشنل آرمی نے 46 سپاہیوں کے لئے محفوظ راستے کی درخواست کی تھی جن میں پانچ افسران بھی شامل تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان 46 افغان سپاہیوں اور پانچ افسران کو ضروری فوجی پروسیجر کے بعد پاکستان میں پناہ اور محفوظ راستہ دیدیا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغان سپاہیوں کو خوراک، اور ضروری طبی امداد بھی فراہم کی گئی۔
خیال رہے کہ یکم جولائی کو بھی 35 افغان فوجیوں نے بارڈر پر پاک فوج سے پناہ طلب کی تھی۔ ان اہلکاروں کو بھی محفوظ پناہ فراہم کرنے کے بعد طریقہ کار کے تحت افغان حکام کے حوالے کردیا گیا تھا۔