پوری قوم سی پیک اور کشمیر کے معاملے پر متحد ہے: وزیر داخلہ

 
0
221

اسلام آباد 09 اگست 2021 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سی پیک میں کسی رکاوٹ کو کسی قیمت پر قبول نہیں کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو سمجھ ہی نہیں آ رہی کہ آئندہ 6 ماہ میں خطے میں کیا حالات ہونے والے ہیں، اسرائیل اور بھارت ہمارے امن کے ساتھ کھیلنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم سی پیک اور کشمیر کے معاملے پر متحد ہے، ہم نے ملکی سلامتی کے خلاف بھارت، اسرائیل اور این ڈی ایس کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے، سی پیک میں کسی رکاوٹ کو کسی قیمت پر قبول نہیں کیا جائے گا۔

داسو ڈیم حملے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ معاملے کی تحقیقات مکمل کر لی ہیں لیکن اس حوالے سے تفصیل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بتائیں گے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا پاسپورٹ منسوخ ہو چکا ہے انہیں وطن واپس آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اقتدار میں ہوں تو بھڑکیں مارتے ہیں اور اقتدار سے اتر جائیں تو ملک سے بھاگ جاتے ہیں، نواز شریف کے پاس دو آپشن ہیں، اپیل کر لیں یا سیاسی پناہ حاصل کر لیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کسی نے بیان دیا تھا کہ شہباز شریف کو گرفتار کیا تو قیامت آجائے گی، اس ملک میں بھٹو پھانسی چڑھ گیا لیکن چڑیا نہیں پھڑکی۔

جڑواں شہروں میں جرائم بڑھنے سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں کرائم ریٹ بڑھ رہا ہے، پولیس کی نفری کم ہے اس کو بڑھانے جا رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا جس کے ساتھ ہوں اس کے ساتھ کھڑا ہوں، جو سیاسی لڑائی لڑے گا میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہو کر اس کا مقابلہ کروں گا۔