ترکی اور پنجاب انسانی اعضاء کی پیوندکاری، سٹاف کی تربیت اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر میں تعاون کریں گے

 
0
449

لاہور جولائی 27(ٹی این ایس ) ترکی کی وزارت صحت اور حکومت پنجاب انسانی اعضاء خصوصاً جگر کی پیوندکاری، ڈاکٹرز، نرسز کی تربیت اورٹیکنالوجی کی منتقلی میں تعاون کریں گے۔ ترکی اور پاکستان کے درمیان میڈیکل ٹورازم کو فروغ دیا جائے گا اور وزارت صحت ترکی انتہائی کم خرچ پر صوبہ پنجاب کے جگر کے مریضوں کوپیوندکاری اور علاج کی سہولت فراہم کرے گی۔اس بات کا اعلان ترکی کی وزارت صحت کے اعلیٰ سطحی وفد اور صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیرکے ساتھ ملاقات میں کیا گیا۔ ترکی کے وفد میں ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل افیئرز اینڈ یورپین یونین منسٹری آف ہیلتھ ڈاکٹر اونر گنر، ڈاکٹر مراد اوزترک ٹرانسپلانٹ سپیشلسٹ ڈاکٹر مہمت علی الدین شامل تھے جبکہ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ علی جان خان، سیکرٹری ٹو چیف منسٹر ڈاکٹر احمد جاوید قاضی ڈائریکٹر جنرل ہیومن آرگنز ٹرانسپلانٹ اتھارٹی، پروفیسر فیصل مسعود، چیئرمین شیخ زید ہسپتال لاہور پروفیسر فرید احمد خان، ڈین چلڈرن ہسپتال پروفیسر مسعود صادق، پروفیسر آف کارڈیالوجی علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر زبیر، پروفیسر ڈاکٹر شاہدامین PIC، پروفیسر ڈاکٹر طارق بنگش، وفاقی محکمہ صحت سے پروفیسر ڈاکٹر رضیہ بیگم، سپیشل سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر فیصل ظہور اور ڈاکٹر زاہد پرویز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈاکٹر اونرگنر نے بتایا کہ ترکی میں جگر کی پیوندکاری سمیت، پھیپھڑوں، انسانی آنت حتیٰ کہ دل کی پیوندکاری کے آپریشن بہت کامیابی سے کئے جا رہے ہیں اور ترکی میں اس وقت 38 ٹرانسپلانٹیشن سینٹرز کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کی وزارت صحت اپنے برادر ملک پاکستان اور صوبہ پنجاب کے مریضوں کو جگر کی پیوندکاری کی سہولت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے انتہائی کم خرچ پر فراہم کرے گی۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب میں سٹیٹ آف دی آرٹ میگا پراجیکٹ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ قائم کیا جا رہا ہے جس پر 20 ارب روپے خرچ ہوں گے جس کا پہلا فیز دسمبر 2017ء تک مکمل ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ شیخ زائد ہسپتال کے بعد پنجاب میں PKLI دوسرا ادارہ ہو گا جہاں پیوندکاری کی سہولت آئندہ چند ماہ تک شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جگر کی پیوند کاری کے غریب مریضوں کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف ہر سال اربوں روپے کی گرانٹ فراہم کرتے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ ترکی میں جگر کی پیوند کاری کی سہولت فراہم ہونے سے پیوندکاری کا انتظار کرنے والے مریضوں کاویٹنگ ٹائم کم ہو جائے گا۔ ڈاکٹر اونرگنر نے بتایا کہ ترکی میں ہر سال ہزاروں جگر کی پیوندکاری کے آپریشن ہوتے ہیں اور گزشتہ سال 88 دل کی پیوندکاری کے آپریشن کئے گئے۔سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئرنجم احمد شاہ نے کہا کہ اس سلسلہ میں ایک باقاعدہ سسٹم بنانے کی ضرورت ہے تاکہ وزارت صحت ترکی اور صوبہ پنجاب کے درمیان اشتراک عمل شروع کیا جا سکے۔ انہوں نے اس موقع پر ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز دی جس پر خواجہ سلمان رفیق نے ڈائریکٹر جنرل PHOTA پروفیسر فیصل مسعود اور ترکی کے ماہر ڈاکٹر مراد اوز ترک پر مشتمل ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دے دی جو تمام معاملات کو حتمی شکل دے گی اور مزید سب کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔