فاٹامیں لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے موثراقدامات اٹھائے جارہے ہیں ،اقبال ظفرجھگڑا

 
0
321

پشاور جولائی27 (ٹی این ایس ) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ فاٹامیں لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے موثراقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں ٹیوب ویلوں کو سولرسسٹم پرمنتقل کرنے کے ساتھ ساتھ سمال ڈیمز بھی تعمیرکئے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کے روز گورنرہاؤس پشاور میں UNDP کے ایک اعلی سطحی وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔ وفد کی قیادت یواین ڈی پی کے ایڈوائزر سکائی کرسٹینسن کررہے تھے ۔ اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر سکندرقیوم بھی موجود تھے۔ گورنرنے کہاکہ وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف کے خصوصی ہدایت پر فاٹا میں اربوں روپے کے حامل ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے جن میں تعلیم، صحت، سڑکوں کی تعمیر اور انفراسٹرکچر کی بحالی ، انڈسٹریل زون کاقیام بھی شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ان تمام منصوبوں کی تکمیل سے فاٹا کو ملک کے دوسرے حصوں کے برابر لانے میں مددملے گی۔ گورنرنے کہاکہ چھوٹے ڈیموں کی تعمیرسے ایک طرف بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا اوردوسری جانب ہزاروں ایکڑ اراضی بھی سیراب ہوگی جس سے زراعت کے پیداوار میں اضافہ ہوگا اور بے روزگاری کے مسئلے پر قابوپانے میں مدد ملے گی۔دریں اثناء یواین ڈی کے وفد نے گورنرکوفاٹا میں تعمیروترقی کے منصوبوں پرعملدرآمد کے سلسلے میں تعاون کایقین دلایا۔