وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) انتظامیہ نے پہلے مرحلے میں کاشتکاری کے لئے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں واقع 126زرعی فارمز کا سروے کیا گیا

 
0
144

اسلام آباد 28 اگست 2021 (ٹی این ایس): وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) انتظامیہ نے پہلے مرحلے میں کاشتکاری کے لئے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں واقع 126زرعی فارمز کا سروے کیا, تاکہ جو زرعی فارمز کاشتکاری کے لئے استمال نہیں ہورہے ان کا ڈیٹا اکٹھا کیا جاسکے، یہ فارمز اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد، سہانا، کہوٹہ، مری روڈ، ترلائی کلاں، پارک روڈ میں واقع ہیں

تفصیلی جائزے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ 25 زرعی فارمز کے الاٹیز بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی میں ملوث ہیں، ان فارموں کے الاٹیز کو زمین کے عدم استعمال کی مطابقت کے حوالے سے نوٹس کے ذریعے مطلع کیا گیا

مزید برآں ان میں سے 15 نے اپنی دستاویزات جمع کرائی ہیں جن کا کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ بلڈنگ کنٹرول سے جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے، جبکہ باقی 10 الاٹیز اپنی متعلقہ دستاویزات جمع کرانے میں ناکام رہے

علاوہ ازیں خلاف ورزی کرنے والوں کو الاٹمنٹ منسوخی سے قبل حتمی شو کاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں اور سات یوم کے اندر اپنی دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت بھی دی گئی ہے، بصورت دیگر بلڈنگ بائی لاز قوانین اور سی ڈی اے کے قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کی جائے گی

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ان کارروائیوں سے ان لوگوں پر گہرا اثر پڑا ہے جنہوں نے زرعی فارمز کو غیر کاشتکاری کے لئے استعمال کیا اور زرعی مصنوعات تیار کرنے کے بجائے بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے زرعی زمین پر عالی شان محل اور مکانات تعمیر کیے، ان الاٹیز نے اپنے فارمز کو زرعی فارمز کی مطابقت اور تکمیل کے لئے مہلت مانگی ہے

مزید برآں سی ڈی اے سروے ٹیمیں باقی زرعی فارموں کا سروے جاری رکھیں گی جو پندرہ یوم میں مکمل ہو جائے گا