قومی مفاہمت اور قومی حکومت میں فرق ہے، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

 
0
139

اسلام آباد 02 ستمبر 2021 (ٹی این ایس): وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ یہ وقت لانگ مارچ کا نہیں ہے۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے تھانہ نون کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی امریکن پاکستان میں نہیں ہیں اور جو آئے تھے وہ واپس چلے گئے۔ ہمارے اداروں کا افغانستان میں کوئی عمل دخل نہیں ہے۔

انہوں ںے کہا کہ قومی مفاہمت اور قومی حکومت میں فرق ہے۔ قومی مفاہمت کے لیے ہم تیار ہیں اور حکومت کے دروازے حزب اختلاف سے بات چیت کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ یہ وقت مل کر ملک کو آگے لے کر جانے کا ہے انتشار پھیلانے کا نہیں ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ قومی حکومت مسلم لیگ ن کا خواب ہے۔ مسلم لیگ ن کے صدر کہتے ہیں کہ قومی حکومت بنانی ہے لیکن مریم صفدر کہتی ہیں بات چیت نہیں کرنی ہے تاہم ایک وقت ایسا آئے گا کہ حزب اختلاف کو حکومت سے بات کرنی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف لانگ مارچ کرنا چاہتی ہے تو شوق سے کرے تاہم یہ وقت لانگ مارچ کا نہیں ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ خطے میں پاکستان کا اہم کردار سامنے آرہا ہے اور اہمیت اختیارکر رہا ہے۔ ہم امن چاہتے ہیں اور افغانستان کے حالات کے بعد وزیر اعظم نے وزارت داخلہ کو نئی ذمہ داری دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جلد نیشنل کرائسز سیل بنانے جا رہے ہیں اور وزیر اعظم نے کہا ہے اسلام آباد کا ایک کونہ بھی کیمرے کے بغیر نہیں ہونا چاہیے۔ سی ڈی اے کے نقشوں میں بددیانتی کی گئی اور نالوں پر قبضہ ہو گیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد کے لیے ایک ہزار 200 کیمروں کی منظوری دی گئی ہے اور اب اسلام آباد پولیس پر بھارتی ذمہ داری آنے والی ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ سید علی گیلانی کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث چمن بارڈر کو کچھ وقت کے لیے بند کر سکتے ہیں۔ جرائم معاشی وجوہات کی وجہ سے بھی بڑھتے ہیں۔