پیپلزپارٹی میں سیاسی رہنماؤں کی شمولیت دیگر پارٹیوں میں ہلچل پیدا کر رہی ہے: بلاول بھٹو

 
0
134

اسلام آباد 08 ستمبر 2021 (ٹی این ایس): چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ ہم نے اپنے کارڈ سنبھال کر رکھے ہیں، وقت آنے پر شو کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر سیاسی پارٹیاں تو اٹھتی اور بیٹھتی بھی دوسروں کے اشاروں پر ہیں۔

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ملک میں صرف پیپلزپارٹی اپوزیشن کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں مختلف سیاسی رہنماؤں کی شمولیت دیگر پارٹیوں میں ہلچل پیدا کر رہی ہے۔

بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا کہ الیکشن جب بھی ہوں گے، اقتدار میں جیالے ہی آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جلسوں میں عوام آتے ہیں اور ہم عوام کی طاقت پر ہی یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے لیے حکومتوں کا بندوست کیا جاتا ہے جب کہ پیپلز پارٹی عوامی بندوبست سے آتی ہے۔

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا کہ افغان مسئلے پر وزیر اعظم عمران خان تنہائی کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو افغان پالیسی سمیت دیگر اہم ایشوز کو پارلیمان میں لانا ہو گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پہلے 100 دن میں صوبہ بنانا ہوتا تو اب تک بن چکا ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ تین سال بعد جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کا قیام صرف ایک لولی پاپ ہے۔

صحافیوں سے بات چیت میں بلاول بھٹو نے کہا کہ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بل کے معاملے پر حکومتی اتحادی بھی عمران خان کے ساتھ نہیں ہیں۔