سربراہ پاک بحریہ کا دورہِ امریکا، انٹرنیشنل سی پاور سمپوزیم میں شرکت

 
0
132

اسلام آباد 20 ستمبر (ٹی این ایس): پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا دورہ امریکا جاری ہے جہاں انہوں نے انٹرنیشنل سی پاور سمپوزیم میں شرکت کی، اور مختلف ممالک کی بحری افواج کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اپنے دورہ امریکا کے دوران 24 ویں انٹرنیشنل سی پاور سمپوزیم میں شرکت کی۔

سمپوزیم میں 80 سے زائد ممالک کے وفود نے شرکت کی جبکہ مختلف ممالک کی بحری افواج اور کوسٹ گارڈ کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سمپوزیم میں میری ٹائم چیلنجز اور عالمی سطح پر میری ٹائم سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سربراہ پاک بحریہ کی امریکا کے سیکریٹری آف نیوی کارلوس ڈل ٹورو اور امریکی بحریہ کے دیگر اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں ہوئیں۔ نیول چیف نے ارجنٹینا، فرانس، جرمنی، گھانا، جاپان، سری لنکا اور ترکی کی بحری افواج کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، سربراہ پاک بحریہ نے یو ایس سرفیس وار فیئر اسکول کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں امریکی بحری افواج کے کردار پر بریفنگ دی گئی۔

ترجمان بحریہ کا کہنا ہے کہ نیول چیف کے دورے سے دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔