وزیراعظم عمران خان کا دورہ ڈیرہ اسماعیل خان کسانوں و زمینداروں کے لیے بڑا انقلابی اقدام ہے، کسان کارڈ سے کاشتکاروں کو سہولت ہو گی، زرعی ماہرین اور کاروباری شخصیات کی گفتگو

 
0
116

ڈیرہ اسماعیل خان ۔23ستمبر (ٹی این ایس): زرعی ماہرین اور کاروباری شخصیات نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دورہ ڈیرہ اسماعیل خان کو زرعی میدان میں کسانوں، زمینداروں کے لیے ایک بڑا انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیرہ ایک زرعی علاقہ ہے جہاں کھجوریں، گنا، سبزی و فروٹ و دیگر اجناس وافر مقدار میں پیدا ہوتی ہیں، یہاں سے کسان کارڈ کے اجراء سے کسانوں اور زمینداروں کو سہولیات میسر ہوں گی جس سے زرعی شعبے میں بہتری آئے گی۔

زرعی یونیورسٹی ڈی آئی خان کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اعجاز نے اے پی پی کو بتایا کہ ڈیرہ صوبہ کے پی کے کا ایک بڑا زرعی علاقہ ہے جہاں پر میدانی، بارانی، نہری، جنگلات اور کچے کی زمین واقع ہے،یہاں کی اراضی میں ہر قسم کی اجناس پیدا کرنے کی استطاعت موجود ہے۔

انہوں نے زرعی یونیورسٹی کے افتتاح کو علاقے کے لیے ایک بڑے زرعی انقلاب اور ریسرچ کا بڑا قدم قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پشاور تا ڈیرہ موٹروے کے اہم منصوبے کو جلدازجلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ یہاں کی پیداوار کی دیگر اضلاع تک ترسیل آسان ہو سکے۔ ایوان زراعت ڈیرہ کے صدر عبدالرشید نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کا ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ یہاں کے زمیندار طبقے اور زراعت کے شعبہ سے وابستہ لاکھوں افراد کے لیے ترقی کا پہلا قدم ہے۔

انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ میں 16 لاکھ ایکڑ اراضی موجود ہے، اگر یہاں کسانوں کو آسان بنیادوں پر قرضے و دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی تو یہ علاقہ تمام ملک کو اجناس فراہم کر سکتا ہے۔ انہوں نے کسان کارڈ کے ڈیرہ سے اجراء اور زرعی یونیورسٹی کے افتتاح کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ڈیرہ کی لیفٹ سائیڈ پر بھکر کا علاقہ ہے جہاں 35 کلومیٹر کے علاقہ میں مارجنل بند تیار ہو چکے ہیں لیکن ہماری سائیڈ پر کام تاحال نہیں ہوا۔

انہوں نے امید ظاہر کی حکومت اس اہم مسئلے کی طرف توجہ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ گومل زام ڈیم سے ہمارا ایک لاکھ ایکڑ رقبہ سیراب ہو سکے گا۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے کسانوں اور زمینداروں کے لیے کسان کارڈ کے اجراء کو خوش آئند قرار دیا۔