بی اے پی کے ناراض اراکین کو منانے کی کوششیں ناکام، جام کمال کی مشکلات برقرار

 
0
141

اسلام آباد 27 ستمبر 2021 (ٹی این ایس): بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماؤں کے درمیان اختلافات بدستور برقرار ہیں جس کے باعث صوبے میں سیاسی بحران ایک مرتبہ پھر شدید ہوتا نظر آرہا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت پر 3 صوبائی وزرا اور ایک رکن اسمبلی پر مشتمل 4 رکنی وفد پارٹی رہنماؤں کے درمیان اختلافات کے خاتمے کے لیے حکومت بلوچستان کے خصوصی طیارے میں کراچی پہنچا۔ وفد ضیاء لانگو، سلیم کھوسہ، عارف محمد حسنی اور حاجی محمد خان طور اتمانخیل پر مشتمل تھا۔

بی اے پی کے ناراض اراکین نے وزیراعلیٰ کے حوالے سے اپنے خدشات اور تحفظات سے وفد کو آگاہ کیا جب کہ وفد نے ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی، تاہم ناراض اراکین کو منانے کی کوششیں ناکام ہوگئیں اور ناراض اراکین اپنے موقف پر ڈٹے رہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف جہاں اپوزیشن متحد ہے وہیں ان کی اپنی سیاسی جماعت کے رہنما بھی ان سے شدید ناراض ہیں۔ جس کی وجہ سے جام کمال کو صوبے میں مشکلات کا سامنا ہے۔