سعودی عرب نے 4.2 ارب ڈالر کاپیکج دیا ہے، یہ رقم ملنا ہمارے لیے مفید ہے

 
0
818

اسلام آباد 27 اکتوبر 2021 (ٹی این ایس): وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہےکہ سعودی عرب نے 4.2 ارب ڈالر کا پیکج دیا ہے جس پر 3.2 فیصد شرح سود ادا کیا جائے گا۔وزیر توانائی حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں وزیر خزانہ نے کہا کہ سعودی عرب سے گفتگو چل رہی تھی، معاہدے کے خدوخال اب طے ہوئے ہیں، وزیراعظم کے حالیہ دورے میں سعودی عرب نے منظوری دی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سعودی عرب سے 3 ارب اسٹیٹ بینک میں ڈیپازٹ رکھنے کا کہا تھا، سعودی عرب نے 4.2 ارب ڈالر کاپیکج دیا ہے، یہ رقم ملنا ہمارے لیے مفید ہے، اس رقم کا آئی ایم ایف سے کوئی تعلق نہیں۔

وزیر خزانہ نے بتایاکہ سعودی عرب کے پیکج کی شرائط میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا، انہوں نے گزشتہ پیکج کی شرائط پر نیا پیکج دیا، اس پیکج پر 3.2 فیصد شرح سود ادا کیا جائے گا۔

شوکت ترین کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیٕں، مجھ سے یقین دہانی لے لیں، ایک آدھ چیز ہے جس پر ہماری بحث ہورہی ہے، وہ بھی ایک دو دن میں طے ہوجائیں گی جب کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوجائے گا اور مارکیٹ میں مثبت اثرات آئیں گے۔