تحریک لبیک پاکستان کے امیر سعد حسین رضوی کا نام فورتھ شیڈول سے خارج

 
0
76

اسلام آباد 11 نومبر 2021 (ٹی این ایس): تحریک لبیک پاکستان کے امیر سعد حسین رضوی کا نام فورتھ شیڈول سے خارج کر دیا گیا ہے۔محکمہ داخلہ نے سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول سے خارج کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ حکومت کے ساتھ معاہدے کے تحت تحریک لبیک پر پابندیاں ہٹائی جاری ہیں۔

سعد رضوی کو رواں برس اپریل میں حراست میں لیا گیا تھا۔ ان کو خدشہ نقص امن کے تحت نظر بند نہیں کیا گیا تھا۔تحریکِ لبیک کے بڑے مطالبات میں سے ایک ان کے امیر سعد رضوی کی رہائی رہا ہے۔

خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے سعد رضوی کی نظربندی کو ختم کرنے کا حکم دیا تھا تاہم پنجاب حکومت نے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔

عدالت عظمیٰ نے نظربندی کے خاتمے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے یہ معاملہ دوبارہ لاہور ہائی کورٹ کو بھیج دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے یہ حکم بھی جاری کیا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ کا ڈویژن بینچ اس معاملے کو دیکھے۔

سعد رضوی پر الزام تھا کہ انھوں نے اپنی جماعت کے کارکنان کو حکومت کے خلاف مظاہروں پر اکسایا جس کے دوران پرتشدد کارروائیوں میں کئی افراد ہلاک اور زخمی ہوئے تھے۔