آج میچ جیت کر فائنل میں نیوزی لینڈ کا سیکیورٹی مسئلہ بھرپور طریقے سے حل کرنا ہے: فواد چوہدری

 
0
108

اسلام آباد 11 نومبر 2021 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ جیت کر ہم نے فائنل میں نیوزی لینڈ سے سکیورٹی کا مسئلہ بھرپور طریقے سے حل کرنا ہے۔

انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کا میچ دو بڑی اور تگڑی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہے، وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی ہے کہ اگر ہم فائنل میں پہنچے تو وہ فائنل دیکھنے ضرور جائیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم جس طریقے سے شاندار کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہے، ایسی کارکردگی بہت کم رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ جیت کر ہم نے فائنل میں نیوزی لینڈ سے سیکیورٹی کا مسئلہ بھرپور طریقے سے حل کرنا ہے، اس لیے آج کا میچ جیتنا ضروری ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے امید ظاہر کی کہ ہم آج کا میچ ضرور جیتیں گے، پوری قوم اپنی ٹیم کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کے پاس سپر سٹار بننے کا موقع ہے، 5 مختلف پلیئرز کو مین آف دی میچ کا اعزاز ملا ہے، اب دیکھتے ہیں چھٹے میچ میں کس کو یہ اعزاز حاصل ہوتا۔

واضح رہے کہ ستمبر میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلا میچ شروع ہونے سے قبل ‘سیکیورٹی خدشات’ کی وجہ بتا کر دورہ پاکستان منسوخ کردیا تھا۔

نیوزی لینڈ 2003 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کر رہا تھا اور اس کا دورہ منسوخ کرنے کے بعد انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے اکتوبر کے دورہ پاکستان کے بارے میں حتمی فیصلہ آئندہ چند دنوں میں کریں گے۔

انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے امید ظاہر کی تھی کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے مسائل حل ہو جائیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان کرکٹ کے لیے یہ شرم کی بات ہے، آخری لمحات کا یہ فیصلہ کھیل کو بہت زیادہ مالی نقصان پہنچائے گا، امید ہے کہ پاکستان میں دوبارہ کرکٹ کھیلنے کے لیے سیکیورٹی کے مسائل حل کیے جا سکیں’۔