افغانستان کو ہر ممکن انسانی امداد فراہم کریں گے: وزیر اعظم

 
0
98

اسلام آباد 11 نومبر 2021 (ٹی این ایس): وزیر اعظم عمران خان نے قائم مقام افغان وزیر خارجہ امیر خان کی زیر قیادت وفد کو یقینی دہانی کروائی ہے کہ افغانستان کو ہر ممکن انسانی امداد فراہم کریں گے۔

عمران خان نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر کہا کہ پاکستان مشکل وقت میں ہمیشہ افغان عوام کے ساتھ کھڑا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم نے قائم مقام افغان وزیرخارجہ امیرخان متقی اور ان کے وفد کو یقین دہانی کروائی ہےکہ افغانستان کو ہرممکن انسانی امداد فراہم کریں گے‘۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ’افغان عوام کے فوری ریلیف کے لیے ہم ضروری اشیائےخورونوش، ہنگامی طبی لوازمات اور سرما کی شدت سے بچاؤ کے لیے خیمے بھجوا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’سرحد عبور کرکے پاکستان پہنچنے والے افغان شہریوں کو کورونا ویکسین بھی بلا معاوضہ فراہم کریں گے‘۔

عمران خان نے کہا کہ عالمی برادری سے میری ایک مرتبہ پھر درخواست ہے کہ افغانوں کو درپیش اس بڑے انسانی بحران کے تدارک کےحوالے سے اپنی اجتماعی ذمہ داری پوری کرے۔

خیال رہے کہ اگست میں طالبان کی جانب سے کابل پر کنٹرول کے بعد امریکا نے افغانستان کے اثاثے منجمد کردیے تھے جس کے بعد وہاں غذائی بحران نے جنم لے لیا ہے۔

طالبان نے منجمد اثاثوں کی عدم بحالی سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر امریکا کو خبردار کیا تھا جبکہ ادھر پاکستان میں وفاقی وزرا اس امر کا اظہار کرچکے ہیں کہ افغانستان کی خراب سماجی و اقتصادی مسائل کے اثرات پاکستان پر پڑیں گے۔