اسلام آباد پولیس ، جنرل الیکشنز 2018کے لئے ایک جامع سکیورٹی پلان تیار

 
0
458

اسلام آباد جولائی 24(ٹی این ایس) اسلام آباد پولیس نے جنرل الیکشنز 2018کے لئے ایک جامع سکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے جس کے تحت کل 7014افسران و ملازمان بشمول فرنٹئیر کنسٹیبلری،ٹریفک و لیڈی پولیس سکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے ،تمام تھانہ جات کو04 زونز،11سیکٹرز اور21سب سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں زون کے انچارج ایس پی،سیکٹر انچار ج اے ایس پی ڈی ایس پی اور سب سیکٹرز انچار ج انسپکٹر رینک کے افسران ہوں گے۔11سینئرافسران ضلع بھر کی سکیورٹی کو چیک کریں گے جبکہ آئی جی اسلام آباد تمام ڈیوٹی کو خودمانیٹر کریں گے ۔ڈیوٹی پر تعینات تمام افسران و جوانوں کو سپیشل کارڈز دئیے گئے ہیں ،اسلام آباد میں تین حلقوں میں 786پولنگ سٹیشنز ہیں جن میں 26پولنگ سٹیشنز کو حساس ترین جبکہ 87 کو حسا س اور 673 پولنگ سٹیشنز کو نارمل پولنگ سٹیشنز قرار دیا گیا ہے ۔

سیف سٹی میں مین کنٹرول روم بنا یا گیا ہے اس کے علاوہ تین وائرلیس کنٹرول رومز بھی قائم کئے گئے ہیں ،ضلع بھر میں سکیورٹی کو موثر بنانے کے لئے 33گاڑیاں اور 44موٹرسائیکلز پٹرولنگ ڈیوٹی پر تعینات کئے گئے ہیں ،43کوئک ریسپانس ٹیمیں بھی بنائی گئی ہیں جو زونل کمانڈرز ،سیکٹر کمانڈرزکے ساتھ اور سٹینڈ بائی ہوں گی،ضلع بھر میں چیکنگ کو مزید موثر بنانے کے لئے 70اضافی پکٹس بھی لگائی جائیں گی ۔ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لے ایس ایس پی ٹریفک کی سربراہی میںایک ایس پی ،05ڈی ایس پیزسمیت 471افسران و جوان ڈیوٹی سرانجام دیں گے ،پارکنگز تمام پولنگ سٹیشنز سے کم از کم 200فٹ دوربنائی جائیں گی۔

آئی جی اسلام آباد نے ایک اعلٰی سطحی اجلاس میں احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں ،ووٹرز اور پولنگ عملے کے تحفظ کویقینی بنانا ہر ایک پولیس آفیسر کی بنیادی ذمہ داری ہے ،لہذا تمام افسران اپنی ذمہ داری کو پورا کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں ،کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،انتخابی عملہ کے ساتھ مکمل تعاون اور ہر قسم کی قانونی مدد کو یقینی بنائیں اور مکمل غیر جانبداری سے اپنے فرائض منصبی کو سرانجام دیں ،تمام افسران الیکشن ڈیوٹی بھیجنے سے پہلے تمام ماتحت عملہ کو ڈیوٹی کی نوعیت کے بارے میں مکمل بریف کریں ،ڈیوٹی لگانے کے بعد تمام افسران اس کو خود چیک کریں اور آپس میں مکمل کوارڈی نیشن رکھیں ،انہوں نے کہا کہ الیکشن مہم کے دوران اسلام آباد پولیس کی طرف سے تمام اہم سیاسی لیڈران کے لئے سکیورٹی کے موثر انتظامات کئے گئے ،

اسلام آباد پولیس نے 248کارنر میٹنگز ،272پبلک میٹنگز اور 245جلسے جلوسوں کو موثر سکیورٹی فراہم کی ،بنوں اور مستونگ دھماکوں کے بعد وفاقی دارلحکومت میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا گیااور تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کو بڑھا دیا گیا تھا جس کی بدولت الحمدللہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ الیکشن نتائج آنے کے بعد ضلع بھر کی نفری کو ہائی الرٹ رکھا جائے اور کسی بھی جشن میں آتش بازی اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔