ایم کیو ایم کا ای وی ایم بل پر حکومت کی حمایت کرے گی، ترجمان

 
0
107

اسلام آباد 16 نومبر 2021 (ٹی این ایس): ایم کیو ایم پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین(ای وی ایم) بل کی حمایت کرے گی۔ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت حیدرآباد یونیورسٹی کے قیام اور مردم شماری کے بلز کی حمایت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تینوں بلز پارلیمنٹ کے کل ہونے والے مشترکہ سیشن میں پیش کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے بھی کہا ہے کہ ایم کیو ایم کل مشترکہ اجلاس میں حکومتی بلز کی حمایت کرے گی اور قانون سازی پر حکومت کی حمایت کرے گی۔

دوسری جانب پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے قبل ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں بھی رابطے ہو رہے ہیں۔ اپوزیشن نے مشترکہ اجلاس کے معاملے پر مشاورتی اجلاس طلب کرلیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کا اہم مشاورتی اجلاس آج پارلیمنٹ ہاوس میں ہوگا۔ اجلاس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی حکمت عملی پر غور ہوگا۔

خیال رہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل ہو گا، حکومت کی جانب سے ای وی ایم کے استعمال اور اوور سیز پاکستانیوں کے ووٹ سمیت انتخابی اصلاحات کے بلز پیش کیے جائیں گے۔

حکومت بھی اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے متحرک ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ق لیگ کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کے اجلاس کی بھی صدارت کی، ایم کیو ایم وفد کو الیکٹرونک ووٹنگ مشین پر بریفنگ بھی دی گئی۔

تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ اتحادیوں کے تحفظات دور کر دیئے ہیں۔ فواد چودھری نے کہا، ای وی ایم پر تمام جماعتوں نے عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

مسلم لیگ ق نے حکومت کے دعوؤں کی تردید کی ہے۔ سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ مشترکہ سیشن میں شرکت کیلئے کوئی ہدایت نہیں ملی۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بریکنگ پوائنٹ وِد مالک‘ میں مزید کہا کہ فواد چودھری اور شیخ رشید کی بات پر کیسے یقین کر لیں؟ حکومت نے کسی بھی وعدے پر عمل نہیں کیا، آئندہ لائحہ عمل کا حتمی فیصلہ پرویز الہیٰ کریں گے۔