حکومت چوک ورکرز کے لیے فوری قانون سازی کرکے قانونی تحفظ دے۔ چوہدری محمد یٰسین

 
0
117

چوک ورکرز کو مزدوراحساس پروگرام میں رجسٹرڈ کیا جائے۔ محمد اسلم عادل

اسلام آباد 05 دسبمر 2021 (ٹی این ایس): پاکستان ورکرز فیڈریشن اور پاکستان فیڈریشن آف بلڈنگ اینڈ ووڈ ورکرز کے زیر اہتمام چوک ورکرز کو منظم کرنے اور ان کے لیے لیبرقوانین بنانے کے لیے نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں پاکستان ورکرزفیڈریشن اور مزدور یونین (سی بی اے) کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین، پاکستان فیڈریشن آف بلڈنگ اینڈ ووڈ ورکرز کے جنرل سیکرٹری محمد اسلم عادل،اوجی ڈی سی ایل یونین کے سید اعجاز بخاری،راجہ شاکر زمان کیانی،حاجی صابر،پی ڈبلیو ایف کے ایجوکیشنل سیکرٹری اسد محمود،آرگنائزر برائے چوک ورکرز عمران عباس سمیت سینکڑوں چوک ورکرز نے شرکت کی،احتجاجی مظاہرے میں چوک ورکرزنے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی،انھوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جس پر ان کے بنیادی حقوق کے حوالے سے نعرے درج تھے،احتجاجی مظاہرے سے پی ڈبلیو ایف کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین اور پاکستان فیڈریشن آف بلڈنگ اینڈ ووڈ ورکرز کے جنرل سیکرٹری محمد اسلم عادل نے کہا کہ پاکستان میں کل لیبرفورس کا 72فی صد غیررسمی شعبے کا مزدورہے جس کے لیے کوئی لیبرقوانین موجود نہیں ہیں،چوک ورکرزکی تعداد ہمارے ملک میں لاکھوں کی تعداد میں ہیں اور بہت سے مزدور دوسرے صوبوں سے یہاں روزگار کے لیے آتے ہیں لیکن ان مزدوروں کو کسی قسم کا قانونی تحفظ موجود نہیں ہے اور آئے دن بہت سے مسائل کا سامنا کرناپڑتا ہے،ان کی اجرتوں کی کٹوتی کی جاتی ہے اور انکو علاج معالجہ کی سہولت میسر نہیں ہے،پی ڈبلیوایف اور پی ایف بی ڈبلیو نے کچھ عرصہ قبل اسلام آباد میں چوک ورکرز کو منظم کرنے کے لیے مہم کا آغازکیا اور آج الحمداللہ 2000ورکرز کے اعداد و شمار اکھٹے کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں،انھوں نے اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان،چیف کمشنر،ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سے مطالبہ کیا کہ چوک ورکرز کے لیے قانون سازی کی جائے اور لیبرقوانین بنائے جائیں تاکہ ان ورکرز کو قانونی تحفظ حاصل ہو سکے،اس کے ساتھ ساتھ سماجی تحفظ کے اداروں میں چوک ورکرز کی رجسٹریشن کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان مزدوروں کو سماجی تحفظ مل سکے،اس موقع پر انھوں نے مزدور احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر سے مطالبہ کیا کہ وہ مزدوروں کی نمائندہ تنظیموں سے مل کر چوک ورکرزسمیت تمام مزدوروں کی احساس پروگرام میں رجسٹریشن کو یقینی بنائیں۔