شوکت ترین نے بطور سینیٹر حلف اٹھا لیا

 
0
146

اسلام آباد 24 دسمبر 2021 (ٹی ای ایس): اسلام آباد،وزیراعظم کے مشیر خزانہ شوکت ترین نے سینیٹر کا حلف اٹھالیا ۔تفصیلات کے مطابق ایوان بالا کا اجلاس چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہوا، جہاں خیبر پختونخوا سے سینیٹر منتخب ہونے والے شوکت ترین نے حلف اٹھایا، صادق سنجرانی نے ان سے حلف لیا، اس موقع پر حکومتی ارکان کی جانب سے ڈیسک بجاکر انہیں مبارک باد دی گئی۔خیال رہے رواں ماہ کی 20 تاریخ کو شوکت ترین کے پی کے سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے، سینیٹ انتخاب میں کے پی اسمبلی کے 122 ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، 13 ووٹ اے این پی اور 13 جے یو آئی کے امیدوار کو ملے، جب کہ شوکت ترین 87 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے۔شوکت ترین نے اس کامیابی پر رب کے حضور شکر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان اور اراکین کے اعتماد سمیت عوام کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔22دسمبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مشیر خزانہ شوکت ترین کی بطور سینیٹر کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے موصول ہونے والے نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ شوکت ترین خیبرپختونخواہ سے عام نشست پر سینیٹر کی حیثیت سے کامیاب ہوئے۔واضح رہے شوکت ترین کی بطور وفاقی وزیر 16اکتوبر کو مدت پوری ہوگئی تھی، شوکت ترین کوبطور وفاقی وزیرکام جاری رکھنے کیلئے سینیٹر بنوانا قانونی تقاضا تھا، آئین کی مطابق غیرمنتخب شخص کو وفاقی وزیربننے کے6ماہ میں رکن پارلیمنٹ بننا لازمی ہوتا ہے۔