اسلام آباد 31 دسمبر 2021 (ٹی این ایس): آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے کھلی کچہری میں شہریوں کی شکایات کو سنتے ہوئے زونل افسران کو سختی سے ہدایات جاری کی ہیں کہ قبضہ مافیا کے خلاف فوری اور سخت ایکشن لیا جائے ، اسلام آباد پولیس کسی شخص کی جائیداد پر ناجائز قبضہ کی اجازت ہرگز نہیں دے گی ، جمعہ کے روز ہونے والی کھلی کچہری میں شہریوں اور پولیس ملازمین کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لئے بذریعہ فون متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے ، انہوں نے افسران کو مارک شدہ درخواستوں پر دیئے گئے ٹائم فریم میں قانونی کاروائی کرکے رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے ،افسران شہریوں کو سنتے ہوئے انتہائی مثبت رویہ اپنائیں ، شہریوں اور پولیس کے درمیان دوستانہ ماحول برقرار رکھنے کے لئے انہیں عزت دی جائے ،انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ذمہ داری ہے کہ ہم شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ان کی عزت نفس پورا خیال رکھیں، تمام تر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں، کھلی کچہری میں آنیوالے شہری قابلِ عزت ہیں،انھوں نے مزید کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد کرنے کا مقصد شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنا ہے، اس سے خود احتسابی کو بھی یقینی بنایا جاسکے گا، ہر شہری کو مساوی حقوق حاصل ہیں، تمام درخواستوں پر میرٹ پر فیصلہ کیا جائے گا۔