دہشت گردوں کے خلاف کارروائی، فائرنگ کے تبادلے میں دو اہلکار شہید

 
0
275

اسلام آباد 06 جنوری 2022 (ٹی این ایس): خیبرپختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسمٰعیل خان اور جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جہاں 2 دہشت ہلاک اور 3 گرفتار ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں دو اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے ٹانک اور جنوبی وزیرستان کے گاؤں کوٹ کلی میں کارروائی کی۔

بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ علاقوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے اور 3 زخمی ہوگئے جبکہ ایک دہشت گرد نے سیکیورٹی فورسز کے سامنے ہتھیار ڈال دیا۔

بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کے قبضے میں دھماکہ خیز ڈیوائسز اور راکٹوں سمیت بڑے پیمانے میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران کرک سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ سپاہی فریداللہ اور ڈیرہ اسمٰعیل خان سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ سپاہی شعیب نے بہادری کا مظاہرہ اور لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔