مری میں شدید برف باری سے بندجھیکا گلی گھڑیال اور ایکسپریس وے کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا،آئی ایس پی آر

 
0
154

اسلام آباد 08 جنوری 2022 (ٹی این ایس): مری میں شدید برف باری سے بندجھیکا گلی گھڑیال اور ایکسپریس وے کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔ آرمی انجینئرز اور فرنٹیئرز ورکس آرگنائیزیشن ،ایف ڈبلیو او کے دستوں نے ڈوزرز اور دیگر ہیوی مشینری کے ساتھ یہ سڑکیں کھول دیں، جھیکا گلی ، کلڈنہ روڈ کو کھولنے کیلئے آرمی انجینئرز کے دستے مصروف ہیں، ٹریفک میں پھنسے لوگوں کو کھانا اوردیگر ضروری سامان بھی فراہم کیا جارہا ہے۔

ہفتہ کو پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ترجمان نے کہا کہ فوجی دستے سول انتظامیہ کی مدد میں مصروف ہیں، مری میں موجود تمام وسائل کو متحرک کردیا گیا ہے۔جھیکا گلی کلڈنہ روڈ بھی جلد کھلنے کا امکان ہے۔

ترجمان کے مطابق برف باری میں پھنسے افراد کو آرمی پبلک سکول کلڈنہ میں چھت اورخوراک کیلئے منتقل کیا گیا ہے۔ ایف ڈبلیو او اور آرمی انجینئرز کے دستے اورمشینری سڑکوں کو کھولنے کیلئے متحرک ہے، روڈ زکھولنے کیلئے ڈوزر مظفرآباد سے منتقل کئے گئے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ ٹرپل ون بریگیڈ کے جوان بھارہ کہو میں روڈ کھولنے میں مصروف ہیں جبکہ ضروری اشیاء خوردونوش بھی فراہم کررہے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ پاک فوج کی جانب سے ملٹری کالج مری، جھیکا گلی، اے پی ایس کلڈنہ اور سٹیشن سپلائی ڈپوسنی بینک میں چار کیمپ قائم کردیئے گئے ہیں