شدید برفباری سے متاثرہ مری کی تمام اہم شاہراہوں کو ٹریفک کیلئے کلیئر کر دیا: پنجاب پولیس

 
0
1287

اسلام آباد 09 جنوری 2022 (ٹی این ایس): شدید برفباری سے متاثرہ سیاحتی مقام مری کی تمام اہم شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے کلیئر کر دیا گیا ہے۔ جبکہ راولپنڈی اسلام آباد سے مری آنے والے راستوں پر پولیس تاحال موجود ہے جبکہ راستے آج بھی بند رہیں گے۔

پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق مری کی تمام اہم شاہراہوں کو ٹریفک کے لیےکلیئر کر دیا گیا ہے، جھیکاگلی سے لوئر ٹوپہ ایکسپریس ہائی وے اور لارنس کالج والی روڈ ٹریفک کے لیے کلیئر کر دی گئی ہے جبکہ راولپنڈی اسلام آباد سے مری آنے والے راستوں پر پولیس تاحال موجود ہے جبکہ راستے آج بھی بند رہیں گے۔

پولیس ترجمان کا بتانا ہے کہ مری سے رات گئے 600 سے 700 گاڑیوں کو نکالا گیا، تمام سیاحوں کو رات سے پہلے ہی محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا تھا، 24 گھنٹوں کے دوران 500 سے زائد خاندانوں کو محفوظ مقام پر پہنچایا گیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق مری میں شدید برفباری کی وجہ سے 20 سے 25 بڑے درخت گرے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایات پر اضافی نفری اور بھاری مشینری مری پہنچائی گئی جبکہ ریسکیو آپریشن میں راولپنڈی پولیس اور ٹریفک پولیس کے 1000 سے زائد اہلکار و افسران نے حصہ لیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز مری میں شدید برفباری اور سیاحوں کے رش کی وجہ سے صورتحال انتہائی خراب ہوگئی تھی اور 20 سے زائد افراد کی گاڑیوں میں اموات کے بعد سیاحتی مقام کو آفت زدہ قرار دے کر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔