درست عدالتی رپورٹنگ کے بغیر عدلیہ کا وقار اور عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ ممکن نہیں، عدلیہ کی کوریج کرنے والے صحافی ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دیں، وفاقی وزیر اطلاعات کی پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے وفد سے گفتگو

 
0
3654

اسلام آباد 14 جنوری 2022 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ درست عدالتی رپورٹنگ کے بغیر عدلیہ کا وقار اور عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ ممکن نہیں، عدلیہ کی کوریج کرنے والے صحافی ملک میں ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کو ملاقات کے لئے آئے پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی رپورٹنگ کی اہمیت دائر کردہ مقدمات جتنی ہے، مقدمات دائر ہونے سے پہلے درجنوں معاملات میں عدالتیں میڈیا رپورٹس پر ازخود نوٹس لیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غلط اور غیر محتاط عدالتی رپورٹنگ سے نہ صرف عوام درست اطلاعات کے حق سے محروم رہتے ہیں بلکہ قانون کی بالادستی اور عدلیہ کا وقار بھی متاثر ہوتا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عدلیہ کا احترام سب پر لازم ہے، جن خبروں پر عدلیہ نوٹس لیتی ہے ان خبروں کا مستند ہونا ضروری ہے۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ قانونی صحافت میں صحافت اور قانون دونوں شامل ہوتے ہیں، عدلیہ کی کوریج کرنے والے صحافیوں کی تربیت ضروری ہے، اس ضمن میں حکومت صحافتی تنظیموں کے ساتھ مل کر لائحہ عمل مرتب کرے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحافیوں کو ترجیحی بنیادوں پر صحت کارڈز فراہم کر رہے ہیں۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات نے پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے وفد کے مسائل سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ وفد میں پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے صدر راجہ محسن اعجاز اور سیکریٹری جنرل عدیل سرفراز سمیت دیگر اراکین شامل تھے۔