اسلام آباد دسمبر 21(ٹی این ایس): قومی اسمبلی کے اجلاس میں آج بھی فاٹا اصلاحات کا بل پیش نہ ہوا، جس پر پیپلز پارٹی اور اپوزیشن کے دیگر ارکان قومی اسمبلی سے واک آﺅٹ کر گئے۔اسپیکرسردارایازصادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا کہ آج بھی قومی اسمبلی ایجنڈے میں فاٹابل نہیں،قومی اسمبلی ایجنڈے سے فاٹاسے متعلق نکات راتوں رات نکال لیے جاتے ہیں۔
انہو ں نے کہا کہ حکومت کو تنہا رہ جانے کے معاملے سے سبق سیکھنا چاہیے،حکومت کے وزیر نے خود تسلیم کیادھرنے پر حکومت تنہاہوگئی۔نوید قمرنے کہاکہ قومی خزانے سے بھاری رقم ایوان پر خرچ ہوتی ہے لیکن کچھ حاصل نہیں۔ایوان میں حکومتی وزیر عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ فاٹا بل پر تھوڑا سا موقع اور دے دیں،فاٹا کے لوگوں کو جو حقوق ملنے ہیں مل جائیں گے،فاٹا بل میں مزید تاخیر نہیں کریں گے جلد پیش کردیاجائےگا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے صرف فاٹا پر ایک نکتہ ذہن میں رکھا ہواہے، اپوزیشن کی تین بار حکومت آئی انہیں کبھی فاٹابل لانے کی توفیق نہیں ہوئی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ فاٹا ریفارمز بل جلد پیش کیا جائے گا ، مسلم لیگ (ن )نے یہ بیڑا اٹھایا ہے اور اس کا کریڈٹ بھی لیں گے۔احتجاجاًپیپلز پارٹی سمیت اپوزیشن کے دیگر ارکان قومی اسمبلی سے باہر چلے گئے بعد ازاں اسپیکر نے قومی اسمبلی کا اجلاس کورم کی نشاندہی پرملتوی کردیا۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں بدھ کے روز بھی فا ٹا اصلا حات بل پیش نہ کئے جانے پر اپوزیشن جما عتوں نے ایوان سے واک آﺅٹ کیا تھا۔ اپوزیشن نے آج مسلسل نویں دن واک آﺅٹ کیا۔