احتساب عدالت، اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کی سماعت 2جنوری تک ملتوی

 
0
381

اسلام آباد دسمبر 21(ٹی این ایس): اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کی سماعت 2جنوری تک ملتوی کردی۔ اسلام آبادہائی کورٹ نے گزشتہ روزعدالتی کارروائی پرحکم امتناع جاری کیا تھا۔کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی نیب پراسیکوٹر نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے مزید کارروائی پر حکم امتناع دے دیاہے۔

جج محمد بشیر نے استفسار کیا کیا آپ کو آرڈر کی کاپی ملی ہے؟ اس پر نیب پراسیکیوٹر عمران شفیق نے عدالت کو بتایا کہ آرڈر کی کاپی کے لیے درخواست کی ہے مگر ملا نہیں‘ چھٹیوں کے بعد کی کوئی تاریخ دے دیں تو آرڈر حوالے کردیں گے۔جج محمد بشیر نے استفسار کیا اسلام آباد ہائیکورٹ میں آئندہ تاریخ سماعت کیاہے؟اس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 17جنوری تک کے لیے حکم امتناع دیا ہے۔

جج محمد بشیر نے پوچھا اسحاق ڈار کی طرف سے کوئی آیاہے؟اس پر نیب پراسیکوٹر نے کہا اسحاق ڈار کی طرف سے کوئی نہیں آیا وہ تو چاہتے ہی یہی ہیں، اب اسحاق ڈار کی نیک نیتی بھی معلوم ہوجائے گی وہ اتنے عرصے میں واپس آتے ہیں یا نہیں۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 جنوری تک ملتوی کردی۔