سی ڈی اے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سرگرم عمل، 5 کنال سرکاری اراضی واگزار

 
0
200

اسلام آباد 20 جنوری 2022 (ٹی این ایس): وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کی انتظامیہ کی ہدایت پر شعبہ انفورسمنٹ نے جمعرات کے روز اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی معاونت سے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لئے متعدد کارروائیاں کیں جسمیں متعدد غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردی گئیں اور سرکاری اراضی پر قبضے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 5 کنال سرکاری اراضی واگزار کرالی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ان کارروائیوں کا آغاز اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں پارک روڈ پر واقع چھٹہ بختاور کے علاقے سے کیا گیا جہاں سرکاری اراضی پر قبضے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 1 غیر قانونی مارکیٹ جسمیں 35 دکانیں، 5 کمروں پر مشتمل 1 غیر قانونی گھر، 3 پانی کے بور اور 1 چار دیواری کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا گیا اور سرکاری اراضی پر قبضے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 5 کنال سرکاری اراضی واگزار کرالی گئی۔ مزکورہ جگہ کی نشاندھی کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے محکمہ مال کے عملے نے کی جسمیں ان تعمیرات کو غیرقانونی قرار دیا گیا تھا۔

مزیدبرآں اسلام آباد کے سیکٹر I-8/4 میں گلیوں کے داخلی پوائنٹس پر بیرئیر لگا کر عوامی گذرگاہ کو اہل علاقہ نے غیر قانونی طور پر بلاک کر رکھا تھا جس پر شعبہ انفورسمنٹ نے عوامی شکایات کا بروقت نوٹس لیتے ہوئے کارروائیاں کیں اور غیر قانونی بیرئیرز کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کرکے مزکورہ گلیوں کو عوام الناس کے لئے کھول دیا۔

اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سرکاری اراضی کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور قبضہ مافیا سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ان اقدامات کا مقصد اسلام آباد کو غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات سے پاک رکھنا ہے۔