وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کی انتظامیہ اسلام آباد شہر میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھا رہا ہے

 
0
146

اسلام آباد 20 جنوری 2022 (ٹی این ایس): وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کی انتظامیہ اسلام آباد شہر میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھا رہا ہے۔ اس سلسلے میں سی ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے موسم گرما میں پانی کی بڑھتی ضروریات کے پیش نظر اور شہر میں پانی کے ترسیلی نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے پندرہ نئے ٹیوب ویلز کی تنصیب کے لئے ٹینڈرز اخبارات میں شائع کردئیے گئے ہیں جو اگلے ہفتے کھول دئیے جائیں گے اور رواں ماہ کے آخری ہفتے میں ان پر کام کا آغاز کردیا جائے گا جنکو تین ماہ کی قلیل مدت میں آپریشنل بھی کردیا جائے گا۔

مزیدبرآں شعبہ واٹر سپلائی کی جانب سے شہر میں پہلے سے موجود تیس ٹیوب ویلز کو آٹومیشن سسٹم پر منتقل کردیا گیا ہے اسی طرح سیکٹر آئی ایٹ کے 22 ٹیوب ویلز کو آٹومیشن سسٹم پر منتقل کرنے کا تیزی سے جاری ہے جنکو جلد ہی مکمل کرلیا جائے گا ان اقدامات سے نظام آب کی ترسیل میں آٹومیٹک اضافہ اور دیگر مسائل کا خاتمہ ممکن ہوگا۔ علاوہ ازیں شعبہ واٹر سپلائی کی جانب سے اسلام آباد شہر کے دیگر ٹیوب ویلز کو بھی جلد ہی آٹومیشن سسٹم پر منتقل کردیا جائے گا۔

علاوہ ازیں شعبہ واٹر سپلائی شہر پانی لیکجز اور کمزور پائپ لائنز کی مرمت پر بھی تیزی سے کام کررہا ہے جس سے پانی کے پریشر میں بھی اضافہ ہوگا اور پانی کو ضیاع ہونے سے بھی بچایا جاسکے گا۔ اسی طرح شہر کے چھ واٹر ورکس لیکجز کو اپ گریڈ کرکے یومیہ دو سے تین گلین پانی کی بچت کی گئی ہے۔

مزیدبرآں شعبہ واٹر سپلائی شہر میں پانی کی تنصیبات پر جدید آٹو میشن فلو میڑ بھی نصب کرنے جارہا ہے جو پانی کے ذخائر اور استعمال کو جانچنے میں مدد گار ثابت ہونگے۔

اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں پانی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے کیے جانے والے اقدامات کو مزید تیز کیا جائے۔

اس ضمن میں سی ڈی اے انتظامیہ نے بھی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی کے استعمال میں احتیاط برتیں اور پانی کے ضیاع سے اجتناب کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ پانی شہریوں کے استعمال میں لایا جاسکے۔