یوسف رضا گیلانی کا سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان

 
0
216

اسلام آباد 31 جنوری 2022 (ٹی این ایس): پیپلز پارٹی رہنما یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کردیا۔

سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اتنے اہم ایجنڈے کے لیے موقع ملنا چاہیے تھا، ملکی سطح کے اہم معاملے پر اعتماد میں لیا جاتا ہے لیکن نہیں لیا گیا، بل کمیٹی کو بھی نہیں بھیجا گیا، کمیٹیاں اس لیے بنائی گئی ہیں تاکہ وہاں بحث ہو، رات کے وقت بل کو ایجنڈے پرلانا مناسب نہیں تھا۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ چیئرمین اور اسپیکر ایوان کے کسٹوڈین ہوتے ہیں، وہ ہاؤس کی نمائندگی کرتےہیں، حکومت کی نہیں لہٰذا چیئرمین اور اسپیکر کا کردار غیرجانبدار ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 27 جنوری کوا یجنڈا میرے اسٹاف کو رات 11:50 اورمیرے گھر پر ایک بجے پہنچا۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ بل پر ووٹنگ پر 30 منٹ کے لیے چیئرمین نے اجلاس ملتوی کیا، آپ نے حکومت کو سہولت دی اپوزیشن کو نہیں۔